Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / راہول گاندھی کی ہدایت پر جگاریڈی کو ہنمنت راؤ کا تحفہ

راہول گاندھی کی ہدایت پر جگاریڈی کو ہنمنت راؤ کا تحفہ

بریسلیٹ کی پیشکشی ، کانگریس کے جلسہ عام کی کامیابی پر اظہار خوشنودی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے سینئیر قائد سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے راہول گاندھی کی ہدایت پر اپنا سونے کا بریسلیٹ سنگاریڈی میں کامیاب جلسہ عام کا انعقاد کرنے والے سابق رکن اسمبلی جگاریڈی کو پیش کردیا ۔ یکم جون کو سنگاریڈی میں کانگریس نے جلسے عام کا اہتمام کیا تھا ۔ اس موقع پر شہ نشین پر ہنمنت راؤ نے جگاریڈی کا کانگریس نائب صدر راہول گاندھی سے تعارف کرایا اور کہا کہ انہوں نے بڑا جلسہ عام منعقد کیا ہے ۔ تمام اخراجات انہوں نے برداشت کئے ہیں ۔ تب راہول گاندھی نے ہنمنت راؤ سے سوال کیا تھا تم نے کتنا پیسہ دیا ہے ۔ راہول گاندھی کے بے ساختہ سوال سے ماحول قہقہہ زار ہوگیا ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ کیا دے سکتے ہیں وہ غریب قائد ہے ۔ راہول نے ہنمنت راؤ کے ہاتھ میں سونے کا بریسلیٹ دیکھ کر اس کو جگا ریڈی کو دینے کی ہدایت دی ۔ ہنمنت راؤ نے سنگاریڈی پہونچکر بریسلیٹ جگا ریڈی کے حوالے کیا اور کہا کہ انہوں نے پارٹی قائد کی ہدایت پر عمل کیا ہے ۔ ہنمنت راؤ نے 1990 کے واقعہ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب ایسٹ گوداوری ضلع میں سیلاب آیا تھا ۔ متاثرین سے ملاقات کرنے راجیو گاندھی پہونچے تھے ۔ املاپورم کو کشتی میں جاتے وقت انہوں نے ہنمنت راؤ سے سوال کیا تھا وہ ان کے لیے کیا کرسکتے ہیں ۔ ہنمنت راؤ نے جواب دیا تھا کہ آپ جو حکم دیں ۔ راجیو گاندھی نے مذاق میں پانی چھلانگ لگانے کی ہدایت دی جس پر ہنمنت راؤ نے پانی میں چھلانگ لگادی تھی ۔ اب راہول کی ہدایت پر ہنمنت راؤ نے اپنا سونے کا بریسلیٹ جگا ریڈی کو دے دیا ۔

TOPPOPULARRECENT