Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / رباط میں عازمین حج کے قیام کے تمام انتظامات مکمل

رباط میں عازمین حج کے قیام کے تمام انتظامات مکمل

اجازت ناموں کی مکمل فہرست کی عدم اجرائی سے عہدیداروں کو اُلجھن
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست (سیاست  نیوز) مکہ مکرمہ میں نظام اسٹیٹ سے تعلق رکھنے والے عازمین کو رباط میں قیام کے سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے ریاستی حج کمیٹی کو انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے واضح کردیا کہ قرعہ اندازی میں منتخب کئے گئے عازمین کے علاوہ دیگر عازمین کیلئے رباط میں انتظامات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ جاریہ سال پہلی مرتبہ 597 عازمین کیلئے قیام ، طعام اور دیگر سہولتوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ مکہ مکرمہ میں واقع رباط کی موجودہ عمارت میں صرف 264 افراد کے قیام کی گنجائش ہے لیکن ناظر رباط نے مزید دو عمارتیں حاصل کرتے ہوئے 597 عازمین کے قیام کے انتظامات کئے ہیں۔ پہلی مرتبہ عازمین کو تین وقت کا کھانا مفت فراہم کیا جائے گا۔ ناظر رباط نے حج کمیٹی سے اس بات کی شکایت کی کہ رباط میں قیام سے متعلق مکتوب کی اجرائی کے سلسلہ میں اوقاف کمیٹی نظام کے رویہ سے عازمین کو مشکلات پیش آئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اوقاف کمیٹی نے اجازت نامہ کی اجرائی کے سلسلہ میں سنٹرل حج کمیٹی اور کونسل جنرل جدہ کو مکمل فہرست روانہ نہیں کی ہے جس کے باعث عہدیدار الجھن کا شکار ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اوقاف کمیٹی نے تمام 597 ء منتخب عازمین کو اجازت نامے جاری نہیں کئے جس کے باعث 55 نشستیں خالی ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے پرمٹ لیٹر حاصل نہ کرنے والے عازمین کی تفصیلات طلب کی ہیں تاکہ ان سے فون پر ربط قائم کیا جاسکے۔ اگرچہ رباط میں قیام کیلئے اوقاف کمیٹی کے اجازت نامہ کی ضرورت نہیں ہے، تاہم اگر کوئی عازم رباط میں قیام میں دلچسپی نہ رکھتا ہو تو حج کمیٹی ان کی جگہ ویٹنگ لسٹ سے دوسرے عازمین کا انتخاب کرے گی۔ 597 افراد نے نظام کے ارکان خاندان کیلئے 12 نشستیں الاٹ کی گئی تھیں لیکن اوقاف کمیٹی نے 24 افراد کو نظام کے ارکان خاندان کے زمرہ میں اجازت نامہ جاری کردیا ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے وضاحت کی کہ ارکان خاندان کے زمرہ میں صرف 12 افراد کو ہی قیام کی اجازت رہے گی اور دیگر افراد کے انتظامات ان کی درخواست کے مطابق عزیزیہ یا گرین زمرہ میں ہوں گے۔ قرعہ اندازی میں منتخب عازمین نے قیام کے اخراجات کی رقم داخل نہیں کی ہے ، لہذا انہیں اوقاف کمیٹی کے علحدہ مکتوب کی ضرورت نہیں۔ حج کمیٹی کے مطابق رباط میں قیام سے عدم دلچسپی کا اظہار کرنے والے عازمین اگر مکمل رقم ادا نہیں کی ہے تو ان کے انتظامات علحدہ طور پر کرنا ممکن نہیں تاہم اگر وہ مکمل رقم ادا کرچکے ہیں تو سنٹرل حج کمیٹی ان کے قیام کے علحدہ انتظامات کرے گی۔ رباط میں قیام کے سلسلہ میں اگر 597 کی مکمل گنجائش پوری نہ ہوں تو مخلوعہ نشستوں پر ویٹنگ لسٹ سے انتخاب کیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اوقاف کمیٹی نے ویٹنگ لسٹ کے 25 عازمین کو بھی مکتوب حوالہ کیا ہے جبکہ اس کے لئے حج کمیٹی سے اجازت لازمی تھی۔ ایسے عازمین کیلئے رباط میں قیام کی گنجائش نہیں رہے گی اور انہیں سنٹرل حج کمیٹی کے انتظامات کے تحت قیام کرنا ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT