Tuesday , October 17 2017
Home / اضلاع کی خبریں / رسول اکرمﷺ کی زندگی کا ہر گوشہ انسانیت کیلئے نمونہ

رسول اکرمﷺ کی زندگی کا ہر گوشہ انسانیت کیلئے نمونہ

جامع مسجد نرمل میں جلسۂ عظمت مصطفیﷺ، مفتی مشکور احمد قاسمی کا خطاب

نرمل /20 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری سے قبل عالم انسانیت ضلالت و گمراہی کی سیاہ چادر میں لپٹی ہوئی تھی۔ پوری دنیا حیوانیت اور درندگی کے آخری کنارے پر پہنچ چکی تھی کہ اچانک رحمت خداوندی جوش میں آئی اور عرب کے تپتے ہوئے صحرا میں نبی امی صلی اللہ علیہ وسلم کا ظہور ہوا، جس سارے جہان کا درد اپنے دل میں سمیٹے ہوئے تھے۔ چنانچہ ۱۲؍ ربیع الاول بروز پیر آپﷺ کی ولادت باسعادت ہوئی۔ اللہ رب العزت نے آپﷺ کو رحمۃ للعالمین بناکر بھیجا۔ آپﷺ پورے عالم کے لئے، جن و بشر، ارض سماء، شجر و حجر، بحر و بر، کائنات کے ذرے ذرے کے لئے رحمت بناکر بھیجے گئے۔ ہمارے نبی کی نبوت عالمگیر ہے، آپ وجہ تخلیق کائنات ہیں، اگر آپ کو پیدا کرنا مقصود نہ ہوتا تو اللہ رب العزت اس کائنات کو نہ بناتا۔ ان خیالات کا اظہار جامع مسجد نرمل میں جمعہ کے موقع پر بعنوان عظمت مصطفیﷺ خطاب کرتے ہوئے مفتی مشکور احمد قاسمی امام و خطیب جامع مسجد منچریال نے کیا۔ انھوں نے سیرت طیبہ پر جامع روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت ہر امتی پر فرض عین ہے۔ نبی کی عظمت، نبی سے عقیدت و محبت اور نبی کی اطاعت ہر امتی پر لازم ہے۔ انھوں نے مقام مصطفیﷺ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپﷺ تمام انبیاء میں سب سے افضل ہیں۔ تمام انبیاء کرام کے معجزات اور محاسن و کمالات ایک طرف اور ہمارے نبیﷺ کے معجزات و کمالات ایک طرف۔ انھوں نے سیرت طیبہ کے ایک اہم پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپﷺ ایک بے مثال انسان تھے۔ آپﷺ کا بچپن بے مثال، آپ کی جوانی بے مثال، آپ بحیثیت تاجر و شوہر بے مثال، آپ بحیثیت کمانڈر اور فاتح بے مثال، یعنی آپﷺ کی زندگی کا ہر پہلو بے داغ ہے۔ انھوں نے آخر میں حالات حاضرہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی کم ظرف تاریخ سے نابلند اور عقل کا دشمن ہمارے نبی کی شان میں گستاخی کرتا ہے تو یہ اس کے پاگل پن کی دلیل ہے اور وہ ایک نمبر کا شیطان ہے۔ لہذا ہم عاشقان رسول کو چاہئے کہ جمہوری انداز میں احتجاج کریں اور حکومت سے پرزور مطالبہ کریں کہ اس بدبخت کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
اوٹکور میں ادارہ ادبیات اردو کے امتحانات
اوٹکور /20 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ادارہ ادبیات اردو حیدرآباد کے امتحانات اوٹکور میں 27 تا 31 دسمبر عائشہ سلفیہ جامعہ میں مقرر ہے۔ یہ بات اوٹکور مرکز کے چیف سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رحیم پاشاہ گدوال نے بتائی۔ انھوں نے اوٹکور مرکز کے تمام امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ 26 دسمبر کو اپنے اپنے ہال ٹکٹس جناب محمود نیٹر گڑتی انچارج شعبہ امتحانات سے حاصل کرلیں۔ یہ امتحانات صبح دس بجے سے شروع ہوکر دوپہر دو تا پانچ بجے اردو فاضل حصہ دوم کے امتحانات ہوں گے۔ مزید تفصیلات کے لئے 9491166530 پر ربط پیدا کریں۔

TOPPOPULARRECENT