Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / رسول کریم ؐ سے مسلمانوں کا گہرا جذباتی تعلق، روضۂ نبوی پرحاضری سب سے بڑی آرزو

رسول کریم ؐ سے مسلمانوں کا گہرا جذباتی تعلق، روضۂ نبوی پرحاضری سب سے بڑی آرزو

حیدرآباد 23 اگسٹ (پریس نوٹ) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے آج جامع مسجد حسینی وجئے نگر کالونی میں عازمین حج کا تربیتی اجتماع منعقد ہوا جس میں عازمین حج کی کثیر تعداد شریک تھی۔ خواتین کے لئے فرسٹ فلور پر انتظام کیا گیا تھا۔ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی صدر مجلس ختم نبوت نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایمان والوں کی زندگی کی سب سے بڑی آرزو مدینہ منورہ کی حاضری، روضہ نبوی ﷺ پر سلام کی خواہش اور مسجد نبوی ﷺ میں نمازوں کی سعادت حاصل کرنا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم سے مسلمانوں کا جو جذباتی تعلق ہوتا ہے ویسا تعلق مخلوقات عالم میں کسی سے نہیں ہوتا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم اپنی حالت ایسی بنائیں کہ وہ فرمائیں کہ دیکھو ہمارا غلام آرہا ہے۔ باہر کی حالت کے ساتھ ساتھ اندر کی حالت کو بھی بہتر بنالیں۔ ناپسندیدہ صفات جیسے حسد، تکبر، خود پسندی، حرص و لالچ اور دنیا کی محبت کو ترک کردیں۔ صبر، تواضع، خیر خواہی، ہمدردی اور غم خواری کا مزاج پیدا کریں۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے صدارت کی۔ انھوں نے کہاکہ حج کیمپ کے انتظامات تیزی سے جاری ہیں۔ 2 ستمبر سے پروازوں کا آغاز ہوگا اور 8 ستمبر کو آخری فلائیٹ روانہ ہوگی۔ حکومت عازمین کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ انھوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ ممنوعہ اشیاء ہرگز ساتھ نہ لے جائیں اور نہ ہی واپسی میں سونا اور دوسری اشیاء ہی لائیں۔ عازمین کے لئے ضروری ہے کہ وہ حکومت ہند اور حکومت سعودی عرب کے قوانین و قواعد کی پابندی کریں۔ ان کی مقررہ فلائیٹ سے 48 گھنٹے قبل رپورٹ کریں۔ حج کمیٹی کی جانب سے حجاج کرام کے لئے قربانی کا اور مدینہ منورہ میں طعام کا بندوبست کیا گیا ہے۔ انھوں نے اس موقع پر انتظامی اُمور سے متعلق مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ جلسہ کی کارروائی حافظ شوکت علی کی قرأت کلام پاک سے شروع ہوئی۔ امروہہ کے مہمان شاعر مولانا محمد سعد اور جناب عرفان شریف نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ مولانا احمد عبیدالرحمن اطہر نے عازمین کو ہدایت کی کہ وہ سفر حج پر روانگی سے قبل اپنے معاملات صاف کرلیں۔ اگر کسی کے حقوق اپنے ذمہ ہوں تو وہ ادا کریں۔ مولانا مفتی تجمل حسین نے فضائل و مناسک حج و عمرہ دو نشستوں میں انتہائی تفصیل کے ساتھ بیان کئے۔ انھوں نے حج و عمرہ کے فرائض، واجبات، مسنونات اور مستحبات کے ساتھ ساتھ ممنوعات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہاکہ احرام کی شرائط میں یہ بھی ہے کہ وہ خوشبو کا استعمال نہ کریں۔ اگر طیارہ میں ایرلائنز کی طرف سے دیا گیا خوشبودار ٹشو پیپر استعمال کریں تو دم یعنی قربانی دینا واجب ہوگا۔ انھوں نے مختلف سوالات کے جواب بھی دیئے۔ مسرس ایس این رسول، میر انور محی الدین، سمیع الدین اور رفیع الدین کے علاوہ عرفان شریف نے انتظامات کی نگرانی کی۔

TOPPOPULARRECENT