Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / رشتوں کے انتخاب میں فکر ، اخلاق ، ملنساری اور تقویٰ کو مد نظر رکھنے کا مشورہ

رشتوں کے انتخاب میں فکر ، اخلاق ، ملنساری اور تقویٰ کو مد نظر رکھنے کا مشورہ

سیاست و ایم ڈی ایف سے شیعہ برادری کا دوبدو پروگرام ، ڈاکٹر سید علی عباس و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( دکن نیوز ) : ملک میں لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتہ ازدواج کے لیے والدین بڑے پریشان ہیں ۔ ایسے میں فلاحی و سماجی تنظیم سیاست ایم ڈی ایف کا آگے آنا اور رشتوں میں تعاون کرنا بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ اس لیے سیاست کا یہ دوبدو ملاقات پروگرام اب عالمگیر حیثیت اختیار کرتے جارہا ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ والدین اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں میں سادگی کو اپنائیں تو وہ مستقبل میں بھی سکون کے ساتھ زندگی گذار سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر سید علی عباس نے سیاست اور ایم ڈی ایف کے 70 ویں اور سیرت الزہرا کمیٹی کے زیر اہتمام پانچویں پروگرام سے کیا جو آج سہ پہر دیوڑھی عنایت جنگ بہادر میر عالم منڈی میں منعقد ہوا ۔ جہاں پر لڑکوں اور لڑکیوں کے والدین کی بڑی تعداد نے رجسٹریشن کروایا اور جنہوں نے سیاست کے دفتر میں اپنے بائیو ڈاٹاس رجسٹریشن کروائے وہ بھی ملاحظہ کے لیے رکھے گئے ۔ ڈاکٹر سید علی عباس نے شادیوں کے ضمن میں پروگرام کی پابندی سے انعقاد پر جناب زاہد علی خاں ، جناب ظہیر الدین علی خاں اور جناب عامر علی خاں سے بھی اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ان کی سرپرستی میں ایسا فلاحی کام انجام دیا جارہا ہے اس کے دور رس نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشرہ بڑے مسائل سے دوچار ہے اس کے لیے ان کے حل کے لیے ایسے طرز کے پروگرام ترتیب دئیے جائیں تاکہ ان کا قلع قمع کیا جاسکے ۔ جناب علی رضا صدر سیرت الزہرا کمیٹی نے علماء کرام اور مہمانان والدین اور سرپرستوں کا خیر مقدم کیا ۔ ذاکر اہلبیت مولانا علی مرتضی نے کہا کہ کائنات میں سب سے پہلا رشتہ حضرت آدم اور حضرتہ حوا علیہ السلام کا ہوا اور اللہ تعالیٰ ان دونوں کی وجہ سے نسل انسانی کو اتنا بڑھایا کہ تا قیامت انسانیت کی پیدائش کا یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ رشتہ میں دینی فکر ، اخلاق ، ملنساری اور تقویٰ کو مد نظر رکھیں ۔ جناب غضنفر علی ذکی جنرل سکریٹری سعودی انڈین بزنس نٹ ورک کمیٹی جدہ نے کہا کہ سیاست اور ایم ڈی ایف کی جانب سے دوبدو ملاقات پروگرام ، طلباء و نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم سے منسلک کرنے کے لیے جو سرگرمیاں کی جارہی ہیں وہ قابل ستائش ہے اس کا ملک ہی نہیں بلکہ بیرونی ممالک میں بھی سراہنا کی جارہی ہے ۔ جناب سید اشرف حسین اور جناب ایم اے قدیر نے بھی مخاطب کیا ۔ شیعہ دوبدو ملاقات پروگرام میں لڑکوں کے 35 رجسٹریشن اور لڑکیوں کے 45 رجسٹریشن کروائے گئے ۔ جناب احمد صدیقی مکیش آرگنائزنگ سکریٹری فورم نے سیاست اور ایم ڈی ایف کی جانب سے جو فلاحی امور انجام دئیے جارہے ہیں تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ سیرت الزہرا کمیٹی کے جانب سے شیعہ دوبدو ملاقات پروگرام کے لیے جو تعاون کیا جارہا ہے وہ مستقبل میں بھی رہے گا ۔ ایم اے قدیر ، ڈکٹر ایوب حیدری ، خدیجہ سلطانہ ، ڈاکٹر دردانہ ، احمد صدیقی مکیش ، اے اے کے امین ، محمد نصر اللہ خاں ، سیدہ محمدی ، سید اصغر حسین ، صالح بن عبداللہ باحازق ، ایم صمد خاں ، مہدی خلیل ، مرتضی رضوی ، نشاط بانو اور سیرت الزہرا کمیٹی کے اراکین نے والدین اور سرپرستوں کی رہبری و رہنمائی کی ۔ شاعر اہلبیت الحاج عباس رضوی سعید کی قرات کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔۔

TOPPOPULARRECENT