Thursday , August 17 2017
Home / اضلاع کی خبریں / رضا ئے الٰہی کیلئے ثبات قدمی، حیات ابراہیمؑ کا پیام

رضا ئے الٰہی کیلئے ثبات قدمی، حیات ابراہیمؑ کا پیام

بیدر میں دینی جلسہ، مفتی محمد عبدالسلیم نظامی اور دیگر علماء کا خطاب

بیدر20؍ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)اللہ تعالیٰ نے حضرت سید نا ابراہیم خلیل اللہ ؑ کو بے پناہ نعمتوں سے سرفراز کیا ،منصب نبوت سے نوازا اپنا خلیل بنایا ،مقام خلعت مرحمت فرمایا اور یہ خصوصی اعجاز بھی بخشا کہ سید الانبیاء کا آپ کو جد کریم بنایا اور آپ کے صبر کو آزمانے کے خاطر کئی مرتبہ جان ، مال ، اولاداوروطن کے ذریعہ آپ کا امتحان لیا۔ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی محمد عبدالسلیم نظامی کامل جامعہ نظامیہ گلبرگہ شریف نے مسجد حضرت محبوب سبحانی کلاں بیدرمیں کاروان ادب مرکزی رحمت عالم کمیٹی بیدرکے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ یاد حضرت سیدناابراہیم خلیل اللہ ؑو حضرت سید نا اسمٰعیل ذبیح اللہ ؑ کے عظیم الشان جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا نے کہا کہ اللہ نے حضرت ابراہیم ؑ کو مختلف آزمائشوں سے آزمایا آپ نے ہر آزمائش میں ثابت قدم رہے ۔ مولانا مفتی محمد خواجہ معین الدین نظامی ناظم مدرسہ معھد انوارالقرآن بیدرنے کہا کہ حضرت سید نا ابراہیم خلیل اللہ ؑنے اپنی حیات مبارکہ سے اس بات کا ثبوت دیا کہ انہیں اللہ کی مرضی اور اس کی خوشنودی سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں اسی خوشنودی کے حصول کیلئے کبھی نار نمرود میں جلنے تیار ہوگئے تو کبھی اپنے وطن عزیز کو قربان کیا کبھی اپنی اہلیہ حضرت ہاجرہ و شیر خوار فرزند سید نا اسمٰعیل ؑ کو مکہ مکرمہ کے بے آب و گیا میں چھوڑ دیا اور کبھی اپنے لخت جگر نور نظر کے گلے میں تیز چھری پھیر نے میں تکلف سے کام نہ لیا ۔مولانا مفتی غلام یزدانی خطیب جامع مسجد نے کہا کہ قربانی اگر خلوص نیت کے ساتھ کی جائے تو اللہ کا تقرب حاصل کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ مولوی محمد فہیم الدین رکن مجلس نمائند گا ن جماعت اسلامی بیدر نے کہا کہ حضرت ابراہیم ؑ اوالولعزم پیغمبر عظیم المرتبت نبی ہیں ۔قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے آپ کا ذکر جمیل اور تذکرہ حسنہ فرمایا ہے۔ مولوی محمد فہیم الدین نے زور دیا کے مسلمان اپنے اندر جذبہ خلیلی پید اکریں اور آپ ؑ کے صبر و ایقان سے درس لیں گے تو معاشرہ کی خار دار وادیاں بھی جنت شان بن سکتی ہیں۔جناب محمد فراست علی ایڈوکیٹ صدر کاروان ادب و مرکز ی رحمت عالم کمیٹی نے تمام مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ جنہیں چاہتاہے انہیں آزمائش میں مبتلا کرتاہے ۔انہوں نے کہاکہ پنچ وقتہ نماز محلہ میں ،جمعہ کی نماز جامع مسجد میں اور سال میں دو مرتبہ عیدین کی نماز عیدگاہوں میںادا کرنے کی علمائے دین ہدایت کرتے آرہے ہیں لیکن چند سالوں سے بعد نماز فجر ہی ذبیحہ کے نام پر اپنے اپنے محلہ کی مساجد میں لوگ نمازعید الاضحی ادا کررہے ہیں جس سے مسلمانوں کی اجتماعیت میں یقینا کمی کا احساس پید ا ہورہاہے۔محمد کفایت اللہ صدیقی ، محمد اقبال الدین انجنئیرنے بھی مخاطب کیا۔جناب شاہ محمد عزیز چندا نقشبندی ، اختر محی الدین انجنئیر، محمد حبیب الرحمن ، شاہ متین قادری الملتانی ، محمد غوث قریشی ، شاہ غوث قادری متولی مسجد ہذا نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ محمد عبید اللہ خان عطاّری قرأ ت کلام پاک ،محمدشفیع الدین ، شیخ سبحان رضا، شاہ فضل قادری ،محمد اسمٰعیل طالب علم معھد انوارا لقرآن نے حمد اور نعت رسول ؐ سنانے کی سعادت حاصل کی۔ جناب محمد عبدالصمد منجو والا صحافی نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔جناب سید ظہور ہاشمی نوری ، محمد عبدالرحیم خان رحمت ڈیولپر ، ڈاکٹر عارف الدین مجاہد ،محمد ذاکر علی نے مہمانوں کی گلپوشی کی اور انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

TOPPOPULARRECENT