Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / رعیتو بازاروں میں نقدی سے پاک لین دین کا فروغ

رعیتو بازاروں میں نقدی سے پاک لین دین کا فروغ

محکمہ زراعت سے مائیکرو اے ٹی ایم کی خدمات ، ٹی ہریش راؤ
حیدرآباد۔22ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی حکومت زرعی مارکٹ اور رعیتو بازاروں میں نقد رقم سے پاک لین دین کے فروغ کے اقدامات کر رہی ہے تاکہ نقدی سے پاک تجارت کو فروغ دیا جا سکے۔ ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ نے قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران مباحث کا جواب دیتے ہوئے یہ بات بتائی۔ انہوںنے بتایا کہ ریاست میں محکمہ زراعت کی جانب سے رعیتو بازاروں میں مائیکرو اے ٹی ایم خدمات کو وسعت دی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لئے حکومت کی جانب سے آئی ڈی ایف سی بینک کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ نقدی کے بحران کی صورتحال سے صارفین اور کسانوں کو بچانے کیلئے حکومت نے کرنسی کے بغیر لین دین کے نظام کو فروغ دینے کے اقدامات کا آغاز کیا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے بتایا کہ محکمہ مارکٹنگ و زراعت کی جانب سے رعیتو بازاروں میں عوام اور کسانوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے انہیں کارڈ اور الکٹرانک ادائیگی کے طریقہ کار سے واقف کروانے کے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں ۔ ریاستی وزیر رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر پی راجیشور ریڈی کی جانب سے کئے گئے سوال کا جواب دے رہے تھے انہوں نے اپنے جواب کے دوران کہا کہ حکومت کو تاحال ریاست کے کسی حصہ میں نقدی سے پاک نظام کو روشناس کروانے میں کوئی دشواری پیش نہیں آرہی ہے اور ہر علاقہ میں عوام اور تاجرین کے درمیان نقدی کے بغیر لین دین کو فروغ پہنچانے کے اقدامات کو وسعت دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ کرنسی بحران سے نکلنے کے علاوہ شہریوں کو ڈیجیٹل طریقہ ادائیگی کے فوائد کے متعلق معلومات بہم پہنچائی جا سکیں۔مسٹر ہریش راؤ نے بتایا کہ رعیتو بازاروں میں تجرباتی اساس پر شروع کئے گئے اس منصوبہ کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور ریاست کے مختلف مارکٹس میں کسانوں‘ تاجرین اور حمالوں کو الکٹرانک ادائیگی کے طریقہ سے واقف کروایا جا رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT