Sunday , September 24 2017
Home / Top Stories / رمضان المبارک :مسلمانوں کو ڈونالڈ ٹرمپ کی مبارکباد

رمضان المبارک :مسلمانوں کو ڈونالڈ ٹرمپ کی مبارکباد

پیام میں تشدد اور دہشت گردی کا خاص ذکر ، امن کی برقراری پر توجہ

واشنگٹن۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے رمضان المبارک کے موقع پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی۔ وائیٹ ہاؤز کی جانب سے جاری کردہ پیام میں ٹرمپ نے مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ ان کے لئے خوشیوں کا مہینہ ہے۔ انہوں نے امریکہ کے مسلمانوں کا بھی تذکرہ کیا۔ جو امریکہ میں پورے خشوع و خضوع کے ساتھ رمضان کا اہتمام کرتے ہیں۔ ٹرمپ نے قبل ازیں اپنی انتخابی مہم کے دوران مسلمانوں کے بارے میں بہت کچھ اظہار خیال کیا ہے۔ ان کے مخالف مسلم بیانات اور 6 مسلم ممالک کے شہریوں پر سفری پابندی کے فیصلے کے باعث وہ تنقیدوں میں رہے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے رمضان المبارک پیام میں حالیہ دورہ سعودی عرب کا بھی حوالہ دیا اور دہشت گردی کے خلاف امریکہ کی کوششوں کی جانب توجہ دلائی۔ وائیٹ ہاؤز سے جاری اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ میں امریکی عوام کی جانب سے تمام مسلمانوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ان کا یہ پیام امریکہ کے سابق صدر کے پیام کے برعکس ہے کیونکہ انہوں نے بیان میں اپنی توجہ تشدد اور دہشت گردی کی جانب مرکوز کی تھی جبکہ سابق صدر جارج بش نے 11 ستمبر 2001ء کے فوری بعد جو رمضان پیام دیا تھا، اس میں انہوں نے امریکہ کے لاکھوں مسلمانوں کی ستائش کرتے ہوئے انہیں اپنا شہری اور بھائی بتایا تھا اور اسلام پر ان کے ایقان وابستگی کی ستائش کی تھی۔ ٹرمپ نے لکھا کہ یہ ایک اہم مہینہ ہے۔ رمضان کے تقدس و جذبہ کی روشنی میں ہم کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہیں۔ تشدد کو مسترد کرکے بیداری پیدا کرنی ہے تاکہ امن کی ترغیب دی جاسکے اور غربت و جنگ کا شکار عوام کو راحت پہونچائی جاسکے۔ ٹرمپ نے برطانیہ اور مصر میں ہوئے حالیہ دہشت گرد حملوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ ایسی ناپاک کارروائیاں سراسر رمضان المبارک کے تقدس، روح اور جذبہ کے مغائر ہیں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT