Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / رمضان المبارک میں مسجد الحرام میں سکیورٹی کے سخت انتظامات

رمضان المبارک میں مسجد الحرام میں سکیورٹی کے سخت انتظامات

خودکار چیکنگ سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ ،عارضی مطاف کو ہٹانے کے بعد معتمرین کی گنجائش میں اضافہ
مکتہ المکرمہ ۔ 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جارہے ہیں اور قانون نافذ کرنے ادارے ہائی الرٹ کی تیاری کررہے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں رمضان کے دوران دنیا بھر سے معتمرین کی بڑی تعداد میں آمد ہوگی اور اس کے پیش نظر سعودی پولیس مسجد الحرام کے اندر اور اس کے باہر لوگوں کے ہجوم کو منظم رکھنے کے منصوبے پر عمل درآمد کو تیار ہے۔ مسجد الحرام میں سکیورٹی فورسز کے ایک لاکھ 80 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ان میں حج اور عمرے کے لیے فورسز ،مسجد الحرام کی پولیس ،مکہ پولیس اور الحرمین الشریفین کی پریزیڈینسی کی سکیورٹی کے اہلکار شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز کمپیوٹر اسکرینوں پر ٹیکنیکل سسٹم کے ذریعے بھی مسجد الحرام کی نگرانی کرتی ہیں۔اس سسٹم کے ساتھ مسجد الحرام کے داخلی دروازوں ،چھت اور اس کی جانب آنے والے راستوں پر نصب ساڑھے سات سو سے زیادہ کیمرے منسلک ہیں اور ان کے ذریعے تمام نقل وحرکت کی نگرانی کی جاتی ہے۔ رمضان المبارک کے دوران عشاء اور تراویح کی نماز کے بعد ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید کی مسجد الحرام میں آمد متوقع ہے اور اس ماہ مقدس میں نمازجمعہ کے موقع پر بھی عبادت گزاروں کی معمول سے کہیں زیادہ تعداد آئے گی۔ مسجد الحرام کے لیے سکیورٹی پلان کے تحت لوگوں کا کسی ایک جگہ ہجوم ہونے سے روکا جاتا ہے،انھیں خالی جگہوں کی جانب جانے کی ہدایت کی جاتی ہے اور نمازوں کے بعد داخلی دروازوں سے ان کے بخیروخوبی گذرنے کو یقینی بنایا جاتا ہے۔اس کے علاوہ ممکنہ سارقوں اور گداگروں کی نقل وحرکت پر بھی نظر رکھی جاتی ہے اور موٹرسائیکل اور بائیسکل سواروں کو مسجد الحرام کے نزدیکی علاقے میں داخل ہونے سے روکا جاتا ہے۔ مسجد الحرام کی خصوصی فورسز نے عارضی مطاف کو ہٹانے کے وقت بھی اس منصوبے پر عمل کیا اور انھوں نے کعبۃ اللہ کے ساتھ جگہوں کی جانب ہجوم کا رْخ موڑا اور انھیں منظم کیا تھا۔اس کے علاوہ ہجوم لگنے سے بچنے کے لیے داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹرول کیا تھا۔ مسجد الحرام کی پولیس فورس کے سربراہ میجر جنرل محمد بن واصل الاحمدی نے بتایا ہے کہ کعبہ کے نزدیک لوگوں کا ہجوم بننے سے روکنے کے لیے داخلی دروازوں پر پولیس اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے اور ہم نے زائرین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام اہم مقامات کی کڑی نگرانی شروع کردی ہے۔

مسجد حرام کی تکنیکی توسیعی کمیٹی نے صحن مطاف میں معتمرین کا ہجوم کنٹرول کرنے کے لیے اسمارٹ چیک پوسٹوں(خود کار چیکنگ سسٹم) کے قیام کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اس ضمن میں مسجد حرام کے صحن میں نمونے کے طور پر اسمارٹ چیک پوسٹ کے قیام کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔توسیع حرم کی تکنیکی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر فیصل وفا نے بتایا کہ بیت اللہ کے طواف کے دوران اور مسجد حرام میں نمازیوں کے ہجوم کے اوقات میں ہجوم کو قابو کرنے کے لیے اسمارٹ چیک پوسٹوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ماہرین نے خود کار چیکنگ کے نظام کی ایک چیک پوسٹ کا افتتاح کیا ہے۔ ان چیک پوسٹوں کی تنصیب سے صحن مطاف میں داخل ہونے والے زائرین کی چھان بین مزید آسان ہو گی اور ہجوم کے اوقات میں اسمارٹ چیک پوسٹیں وقت بچانے میں مدد دیں گی۔ ڈاکٹر وفا کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک اسمارٹ چیک پوسٹیں روایتی چیک پوسٹوں سے اپنی کارکردگی میں کئی گنا بہتر ہوں گی۔ ان کی تنصیب سے خانہ کعبہ کی زیارت میں کسی قسم کاخلل نہیں پڑے گا۔ وزن میں ہلکی اور جدید امتیازی سہولیات سے آراستہ ان چیک پوسٹوں کو حسب منشاء  ایک سے دوسرے مقام پر منتقل کیا جا سکے گا۔ پوسٹوں کی زیادہ سے زیادہ اونچائی 120 سے 140 سینٹی میٹر تک ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT