Friday , June 23 2017
Home / شہر کی خبریں / رمضان المبارک کے انتظامات پر 15 مئی کو اجلاس متوقع

رمضان المبارک کے انتظامات پر 15 مئی کو اجلاس متوقع

پانی ، برقی ، صاف صفائی ، پولیس ، ٹریفک اور تجارت و دیگر امور کو قطعیت دینے کا امکان
حیدرآباد۔ 12 مئی (سیاست نیوز) رمضان المبارک کے انتظامات کے سلسلہ میں توقع ہے کہ 15 مئی کو محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس کی صدارت ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کریں گے۔ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہر سال عوامی نمائندوں اور سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جاتا ہے۔ جاریہ سال اجلاس کے انعقاد میں کسی قدر تاخیر ہوئی ہے کیوں کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی طبیعت ناساز ہے۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے انتظامات کے سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال کی طرح تمام محکمہ جات کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں گی اور ہر ضلع کے لیے حکومت کی جانب سے فنڈس الاٹ کیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی نمائندوں کی رائے حاصل کرتے ہوئے حکومت اگر چاہے تو فنڈس میں اضافہ کرسکتی ہے۔ سکریٹری کے مطابق رمضان المبارک کے دوران بلا وقفہ برقی کی سربراہی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ پانی کی کم سے کم روزانہ سربراہی کے سلسلہ میں واٹر ورکس کے عہدیداروں سے نمائندگی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کے اطراف صفائی انتظامات پر مجلس بلدیہ کی خصوصی توجہ رہے گی۔ پولیس اور ٹریفک پولیس ماہ مقدس کے دوران امن و ضبط کی برقراری اور ٹریفک کی بحالی کے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کے علاقوں میں چھوٹے تاجرین کے کاروبار کو باقاعدہ بنایا جائے گا تاکہ ٹریفک میں خلل کے بغیر وہ کاروبار جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کی جانب سے شہر کے علاوہ اضلاع میں اہم مساجد میں افطار کا اہتمام کیا جائے گا۔ رمضان پیکیج کے طور پر غریبوں میں کپڑے تقسیم کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے عید کی خوشیوں میں غریبوں کو شامل کرنے کے لیے یہ منفرد اسکیم شروع کی ہے۔ کپڑوں کی تیاری کے سلسلہ میں ٹینڈرس طلب کئے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ ایم نرسمہا ریڈی کے علاوہ شہر سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندے جائزہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ پہلا موقع ہے جبکہ جائزہ اجلاس کے انعقاد میں اس قدر تاخیر ہوئی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT