Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / رمضان المبارک کے انتظامات کو قطعیت ،ہر ضلع کو خصوصی فنڈ

رمضان المبارک کے انتظامات کو قطعیت ،ہر ضلع کو خصوصی فنڈ

مسلم سرکاری ملازمین کو ایک گھنٹہ قبل جانے کی اجازت ، برقی کی بلا وقفہ سربراہی : سید عمر جلیل
حیدرآباد ۔ 2۔ مئی (سیاست نیوز) رمضان المبارک کے دوران ریاست بھر میں مسلم سرکاری ملازمین کو ایک گھنٹہ قبل دفتر سے جانے کی اجازت رہے گی ۔ اس کے علاوہ کاروباری اداروں کو رات دیر گئے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے گی تاکہ رمضان المبارک میں خریداری میں سہولت ہو۔ تلنگانہ حکومت نے رمضان المبارک کے پیش نظر روزہ داروں کی سہولت کیلئے ہر سال کئے جانے والے انتظامات میں مزید بہتری کا فیصلہ کیا ہے۔ مساجد کی آہک پاشی اور تعمیر و مرمت کے کاموں کے سلسلہ میں حیدرآباد کے بشمول ہر ضلع کو خصوصی فنڈس جاری کئے جاسکتے ہیں۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے رمضان کے انتظامات کے سلسلہ میں ایکشن پلان کو قطعیت دیدی ہے جس کے تحت مکمل ماہِ صیام کے دوران برقی کی بلا وقفہ سربراہی اور پانی کی موثر سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ رمضان کے انتظامات کا جائزہ اجلاس 8 مئی کو سکریٹریٹ میں منعقد ہوگا جس میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے علاوہ شہر سے تعلق رکھنے والے وزراء اور عوامی نمائندے شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اہم سرکاری محکمہ جات کے عہدیدار بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، جنہیں رمضان المبارک کے دوران ضروری ہدایات دی جائیں گی۔ سید عمرجلیل کے مطابق تمام سرکاری ملازمین ہر سال کی طرح اس سال بھی ایک گھنٹہ قبل یعنی 4 بجے دفتر سے روانہ ہوسکتے ہیں تاکہ افطار اور تراویح کی ادائیگی میں سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران خشوع و خضوع سے عبادات کی ادائیگی کے سلسلہ میں حکومت نے ایک گھنٹہ قبل گھر جانے کی اجازت دی ہے اور یہ روایت برسوں سے قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ رمضان المبارک کا غیر معمولی احترام کرتے ہیں اور گزشتہ تین برسوں کے دوران انہوں نے بہتر انتظامات کیلئے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ چیف منسٹر کی جانب سے نہ صرف دعوت افطار کا اہتمام کیا جاتا ہے بلکہ اس دعوت میں غریب اور عام مسلمانوں کو شامل کرنے کیلئے ہر اسمبلی حلقہ کی منتخب مساجد میں حکومت کی جانب سے افطار کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے عید کی خوشیوں میں غریب مسلمانوں کوشامل کرنے کیلئے تحفتاً کپڑے تقسیم کرنے کی روایت شروع کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران خاص طور پر مساجد کے اطراف صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ عہدیداروں اورمصلیوں کو کسی بھی تکلیف سے بچانے کیلئے ٹریفک پولیس کی جانب سے مساجد کے اطراف خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ ٹریفک کے بآسانی بہاؤ کو یقینی بنایا جائے گا ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے کہا کہ گزشتہ سال شہر حیدرآباد کیلئے پانچ کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے ، توقع ہے کہ جاریہ سال اس رقم میں اضافہ کیا جائے گا ۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے تمام محکمہ جات کیلئے ایکشن پلان تیار کرلیا ہے جو جائزہ اجلاس میں حوالے کیا جائے گا۔ پرانے شہر میں برقی کی بلا وقفہ سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ برقی کی جانب سے اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل ٹیم کو متعین کیا جائے گا ۔ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موبائیل ٹرانسفارمرس تیار رکھے جائیں گے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے کہا کہ سحر اور افطار کے علاوہ تراویح کے موقع پر کسی بھی صورت میں برقی کی سربراہی میں خلل پیدا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی موثر سربراہی کیلئے محکمہ آبرسانی کو ضروری ہدایات جاری کی جائے گی ۔ رمضان کے انتظامات کے سلسلہ میں مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو وقتاً فوقتاً مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لے گی ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ رمضان المبارک کے انتظامات گزشتہ سال سے بہتر ہوں گے ۔ عید کی نماز کے سلسلہ میں عیدگاہوں کی صفائی اور آہک پاشی کیلئے فنڈس جاری کئے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT