Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / رمضان المبارک کے دوران خصوصی انتظامات

رمضان المبارک کے دوران خصوصی انتظامات

ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی کا جائزہ اجلاس ، عہدیداروں کو ہدایات

حیدرآباد ۔ 15 مئی ۔ (این ایس ایس)رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی نے عہدیداروں کو انتظامات کے سلسلے میں ضروری ہدایات دی ۔ انھوں نے کہاکہ اس مبارک ماہ کے دوران مسلمانوں کو کسی طرح کی زحمت نہیں ہونی چاہئے ۔ انھوں نے آج انتظامات کے سلسلے میں عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ، وزیر انیمل ہسبنڈری پی سرینواس یادو اور اقلیتی بہبود کے مشیر اے کے خان و دیگر موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ ماہِ مقدس رمضان المبارک کے دوران وسیع تر انتظامات کئے جائیں گے ۔ حکومت نے تمام اضلاع میں مساجد کی آہک پاشی کیلئے پانچ کروڑ روپئے کی رقم منظور کی ہے ۔ اس کے علاوہ مکہ مسجد کے لئے 8.48 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ۔ انھوں نے بتایا کہ عوام کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے پولیس کی خاطر خواہ جمعیت متعین کی جائے گی ۔ سرکاری ملازمین کو ایک گھنٹہ قبل جانے کی اجازت رہے گی ۔ انھوں نے بتایا کہ برقی کی بلا رکاوٹ سربراہی، صاف پینے کا پانی اور مساجد کے قریب صفائی کے سلسلے میں ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ ضرورت پڑنے پر موبائیل ٹرانسفارمرس اور خصوصی واٹر ٹینکرس سے بھی استفادہ کیا جائے گا ۔ انھوں نے بتایا کہ چارمینار کے قریب کنٹرول روم قائم کیا جائے گا اور ہوٹلیں 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت رہے گی ۔ عہدیداروں کو سڑکوں کی مرمت ، اسٹریٹ لائیٹس کی درستگی اور صفائی کے انتظامات کے سلسلے میں ہدایات جاری کی گئی ۔ اجلاس میں ایم ایل سی اور صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT