Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / رنگاریڈی اور سائبر آباد کے وقف اراضیات کے تحفظ پر آج عہدیداروں کا اجلاس

رنگاریڈی اور سائبر آباد کے وقف اراضیات کے تحفظ پر آج عہدیداروں کا اجلاس

محکمہ مال اور پولیس سے تعاون درکار ، الحاج محمد سلیم صدارت کریں گے
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست (سیاست نیوز) رنگا ریڈی اور سائبر آباد علاقوں میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کل 3 اگست کو ضلع کلکٹر رنگا ریڈی کمشنر پولیس سائبر آباد اور محکمہ مال کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کیا ہے ۔ یہ اجلاس حج ہاؤز نامپلی میں منعقد ہوگا جس کا مقصد رنگا ریڈی اور سائبر آباد میں اوقافی جائیدادوں سے ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے سلسلہ میں ریونیو اور پولیس محکمہ جات کی مدد حاصل کی جاسکے ۔ تلنگانہ میں سب سے زیادہ قیمتی اوقافی اراضیات رنگا ریڈی اور سائبر آباد کے حدود میں واقع ہے لیکن ان میں بیشتر پر ناجائز قبضے ہیں ۔ حکومت ان اراضیات کی ترقی کا منصوبہ رکھتی ہے لیکن غیر مجاز قابضین نے عدالتی احکامات کی آڑ میں اپنے قبضہ کو برقرار رکھا ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کل گولکنڈہ اور گنبدان قطب شاہی کے اطراف تین اوقافی اداروں کا معائنہ کیا تھا جن کی اراضیات پر ناجائز قبضے ہوچکے ہیں۔ قبرستان کی اراضی کو بھی قابضین نے نہیں چھوڑا۔ گنبدان قطب شاہی میں تاریخی مسجد کو غیر آباد رکھا گیا ہے اور اس صورتحال کیلئے قابضین ذمہ دار ہے ۔ مسجد کے تحفظ اور اسے آباد کرنے کیلئے محکمہ مال اور پولیس کا تعاون درکار ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع کلکٹر اور کمشنر سائبر آباد کو اوقافی جائیدادوں ، ان کے تحت اراضیات کی تفصیلات سے واقف کرایا جائے گا اور وقف بورڈ کے دستاویزات بھی دکھائے جائیں گے۔ کلکٹر سے خواہش کی جائے گی کہ ریونیو حکام نے وقف اراضی کے جو پٹہ جات جاری کئے ہیں ، انہیں فوری منسوخ کیا جائے۔ وقف بورڈ نے رنگا ریڈی میں جائیدادوں کی تفصیل سے متعلق نوٹ تیار کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT