Saturday , August 19 2017
Home / ہندوستان / رواداری و باہمی احترام کی حمایت کا اعادہ

رواداری و باہمی احترام کی حمایت کا اعادہ

عدم رواداری کے عوض فوائد سے محرومی دیوانگی ہوگی : گورنر آر بی آئی
ممبئی ۔ 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر رگھورام راجن نے رواداری اور باہمی احترام پر زور دیتے ہوئے کی گئی اپنی تقریر کی آج بھرپور مدافعت کی اور کہا کہ عدم رواداری کیلئے سب سے بڑے فائدہ سے محروم ہونا دیوانگی ہوگی۔ راگھورام راجن نے کہاکہ ’’یہ محض ایک مخصوص مقام اور وقت کے بارے میں تقریر نہیں تھی‘‘۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ’’اس کا کہیں زیادہ تعلق اس بات سے ہے کہ کہاں یہ بات چیت کی جارہی ہے اور ہم پہلے سے حامل فوائد میں کس حد تک زیادہ سے زیادہ اضافہ کرسکتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے ہمیں ایک کھلے اور آزاد معاشرہ کی ضرورت ہے اور ہم اس معاشرہ کو تنگ اور بند کرنے کی ہر کوشش کے خلاف مزاحمت کریں گے‘‘۔ بلوم برگ نے راجن کے حوالہ سے کہا کہ ’’آپ ایک دوسرے پر چیختے اور چلاتے ہوئے بحث نہیں کرسکتے بلکہ نظریات ایک دوسرے کے مدمقابل برسرپیکار ہوسکتے ہیں

لیکن ہمیں چاہئے کہ ایک دوسرے کو اظہارخیال سے نہ روکیں‘‘۔ آر بی آئی گورنر نے کہا کہ دیگر کئی ممالک پر حاصل فوائد سے ہندوستان کا محروم ہونا ایک دیواگی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ انتہائی ضروری ہیکہ شدت پسند بائیں بازو اور شدت پسند دائیں بازو جیسے دو کناروں کو یہ نہیں کہنا چاہئے کہ میںجو کہنا چاہتا ہوں اگر وہ آپ نہیں سنیں گے تو آپ کا منہ بند کردوں گا‘‘ بلکہ اس کے بجائے ایک واجبی بحث ہونی چاہئے۔ آپ ماحول کو سازگار بنائے رکھیں۔ شکر ہیکہ اصل دھارا اس کی تائید کرتا ہے‘‘۔ واضح رہے کہ آر بی آئی گورنر رگھورام راجن نے 31 اکٹوبر کو اپنے مادر علمی ادارہ آئی آئی ٹی دہلی کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اظہارنظریات کا ماحول سازگار بنانے رواداری اور باہمی احترام ضروری ہے۔ سماج کے کسی مخصوص طبقہ کے تئیں لفظی توہین و تذلیل یا جسمانی ضرر رسانی کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT