Tuesday , October 17 2017
Home / ہندوستان / رواداری کی ہندوستانی معاشرہ میں اہمیت :صدرجمہوریہ

رواداری کی ہندوستانی معاشرہ میں اہمیت :صدرجمہوریہ

نئی دہلی ۔ 24 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے تکثریت کو ’’دو دھاری تلوار‘‘ قرار دیا اور کہا کہ عوام بالخصوص نوجوانوں میں رواداری ، ایک دوسرے کی رائے کا احترام اور صبر و تحمل جیسے اقدار کو پروان چڑھانے کی ضرور ت ہے اور ہندوستان جیسے کثرت میں وحدت کے حامل سماج کیلئے یہ ضروری ہے ۔ انھوں نے کہا کہ تکثریت ایک دو دھاری تلوار ہے ، اگر ہم سب متحد ہوکر ہم آہنگی کے لئے کام کریں تو ملک ترقی کے منازل طئے کرسکتا ہے ۔ اگر ہم منتشر ہوجائیں یا پھر ایک دوسرے کے خلاف نبردآزما ہوں تو پھر منفی نتائج برآمد ہوں گے ۔ انھوں نے راشٹریہ سنسکرتی مہا اُتسو تقاریب کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی تکثریت کو برقرار رکھنا ہوگا اور اسے مستحکم بنانا ہوگا ۔ صدرجمہوریہ نے کہا کہ عوام کے مابین باہمی مشاورت اور  معلومات کے تبادلے سے ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملے گی ۔

TOPPOPULARRECENT