Saturday , August 19 2017
Home / اضلاع کی خبریں / روانگی حج سے پہلے سچی توبہ کی تلقین

روانگی حج سے پہلے سچی توبہ کی تلقین

سدی پیٹ میں تربیتی کیمپ سے مفتی عبدالسلام اور دیگر کا خطاب
سدی پیٹ ۔ 20اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حج سوسائٹی سدی پیٹ کے زیراہتمام عازمین حج کے دوسرے تربیتی اجتماع کا انعقاد مدینہ فنکشن ہال میں عمل میں آیا ۔ جلسہ کی صدارت صدر حج سوسائٹی الحاج محمد غوث محی الدین نے کی جبکہ کارروائی جنرل سکریٹری الحاج محمد یوسف الدین نے چلائی ۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مفتی عبدالسلام اور ایم ایل سی فاروق حسین نے شرکت کی ۔ مفتی عبدالسلام نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ خوش قسمت ہیں وہ لوگ جن کو اﷲ تعالیٰ نے حج کے مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لئے چن لیا ۔ انھوں نے عازمین حج سے کہا کہ روانگی سے قبل حقوق العباد کی ادائیگی کا اہتمام کرلیں۔ ان کا حق ادا کریں اگر کوئی مجبور ہو تو معاف کروالیجئے گا ۔ سچی توبہ کے ساتھ حج کو روانہ ہوں ۔ حج کے دوران صبر اور تکالیف کو برداشت کرنا پڑتا ہے ۔ صدر تنظیم المساجد اعجاز حفیظ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حج سوسائٹی سدی پیٹ کئی سال سے عازمین حج کی خدمت بحسن و خوبی انجام دیتی آرہی ہے ۔ انھوں نے عازمین حج سے اپیل کی کہ تنظیم المساجد کی بقاء کیلئے اور مسلمانوں میں اتحاد کیلئے دعا فرمائیں۔ نائب صدر حج سوسائٹی سدی پیٹ ایم اے علیم سرور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر عبادت کیلئے خلوص نیت کی شرط ہے ۔ صدر ملت اسلامیہ الحاج عبدالقادر نے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جب حج کاارادہ ہو تو مقصود صرف رضائے الٰہی اور اس کی خوشنودی اور فریضۂ حج کی ادائیگی ہونی چاہئے ۔ دوسرا سشن بعد نماز ظہر شروع ہوا ۔ ایم ایل سی فاروق حسین نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غیبت ، جھوٹ ، فحش کلامی فضول گفتگو سے پرہیز کریں ۔ ملک اور وطن کی سلامتی امن و امان قائم رہنے کیلئے دعا فرمائیں۔ فاروق حسین نے کہاکہ شہر سدی پیٹ میں حج ہاؤز کی تعمیر کو یقینی بنایا جائیگا ۔ سابق صدر تنظیم المساجدالحاج محمد عبدالسلیم نے مناسک حج پر روشنی ڈالی ۔ صدر حج سوسائٹی الحاج غوث محی الدین نے بھی مخاطب کیا ۔ حج سوسائٹی سدی پیٹ کے سرپرست اعلیٰ الحاج نظام الدین نے مناسک حج اور احرام باندھنا و دیگر اُمور عملی طورپر تفصیل سے بیان کئے ۔ اس موقع پر شریک معتمد ایم اے صبور ، خازن محمد نذیرالدین اور حج سوسائٹی کے مشاورتی بورڈ کے رکن محمد حبیب الدین بھی موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT