Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / روزنامہ سیاست کی تحریک سے شمس آباد کے نوجوان متاثر

روزنامہ سیاست کی تحریک سے شمس آباد کے نوجوان متاثر

12 فیصد تحفظات کے لیے نمائندگیوں کو جاری رکھنے کا عزم
شمس آباد ۔ 13 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : روزنامہ سیاست کی جانب سے شروع کی گئی 12 فیصد تحفظات کی تحریک کی گونج آج پورے تلنگانہ میں سنائی دے رہی ہے ۔ اور بڑے پیمانے پر نمائندگیاں کی جارہی ہیں ۔ شمس آباد میں 12 فیصد تحفظات پر ایک اجلاس جناب افتخار احمد شریف کی صدارت میں منعقد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے شرکت کرتے ہوئے 12 فیصد تحفظات پر تفصیلی روشنی ڈالی جس سے شمس آباد کے نوجوان بے حد متاثر ہوئے اور سبھی نے عہد کیا کہ وہ سیاست کی اس تحریک سے جڑ جائیں گے ۔ اور سرکاری عہدیداروں اور سیاسی قائدین سے 12 فیصد تحفظات کے لیے نمائندگی کریں گے ۔ کے چندر شیکھر راؤ چیف منسٹر نے مسلمانوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اقتدار پر آتے ہی اندرون چار ماہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کریں گے لیکن 15 ماہ گزر جانے کے بعد بھی مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے میں حکومت ناکام ہوگئی ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے حکومت تلنگانہ ، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مسلمانوں کے لیے 12 فیصد تحفظات دینے بی سی کمیشن سے رجوع کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے شمس آباد کے اجلاس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر شمس آباد کے سیاسی قائدین اور عوام کی کثیر تعداد جناب عامر علی خاں سے رجوع ہو کر اس تحریک میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور عہد کیا کہ ہم تحصیلدار ، آر ڈی او ، ارکان اسمبلی ، وزراء دیگر سیاسی قائدین اور عہدیداروں کو 12 فیصد تحفظات کا مطالبہ کرتے ہوئے یادداشت پیش کریں گے ۔ اس موقع پر جناب عامر علی خاں نے کہا کہ اگر مسلمان متحد ہو کر اس تحریک کو آگے بڑھائیں گے تو تحریک کو کامیابی ملے گی اور حکومت کو مجبورا تحفظات کے لیے بی سی کمیشن کے ذریعہ تحفظات کی فراہمی دینی پڑے گی ۔ اگر مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم ہوجائیں گے تو مسلمانوں کی معاشی حالت بہتر ہوجائے گی اور بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا ۔ آج پوری دنیا میں مسلمان آبادی کے لحاظ سے دوسرے مقام پر ہیں لیکن ترقی میں سب سے پیچھے ہیں ۔ تحفظات سے کئی خاندانوں کی حالت بہتر ہوجائے گی ۔ جناب افتخار احمد شریف نے کہا کہ روزنامہ سیاست کی تحریک پورے مسلمانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے شروع کی گئی جس سے ہر شخص کو جڑنے کی ضرورت ہے جس سے پوری قوم کو فائدہ ہوگا ۔ محمد یوسف علی خاں نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کہ اس تحریک کے ساتھ ہم کو متحدہ طور پر جڑ جانا چاہئے تب ہی ہمیں کامیابی مل سکتی ہے ۔ ادارہ سیاست مسلمانوں کے معاشی ، تعلیمی اور روزگار کے مسائل حل کرنے میں اپنی ساری توانائی صرف کررہا ہے ۔ اس کے لیے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست قابل صد تحسین ہیں ۔ اس موقع پر محمد جہانگیر خاں ، کوآپشن ممبر ، محمد شمس الدین ڈپٹی سرپنچ ، محمد اکرم خاں وائی ایس آر کانگریس منڈل صدر ، سید رفیع الدین قادری کانگریس منڈل میناریٹی سیل صدر ، محمد اعظم خان ، مرزا اسلم بیگ ، محمد حفیظ الدین ، محمد سلیم ، سید ممتاز قادری ، شیخ خلیل ، محمد مجتبیٰ علی خاں سلیم ، محمد توفیق ، محمد عبدالقادر ، محمد اسد ، سید حیدر علی ، ایچ ایوب حسین ، تاج بابا ، صدام حسین ، محمد علیم الدین کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT