Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / روزنامہ سیاست کی نیوز کا اثر دفتر وقف بورڈ سے آندھراپردیش کی تختی برخاست

روزنامہ سیاست کی نیوز کا اثر دفتر وقف بورڈ سے آندھراپردیش کی تختی برخاست

تلنگانہ کا بورڈ نصب کرنے کی ہدایت، وقف بورڈ حکام خواب غفلت سے بیدار
حیدرآباد۔/16جنوری، ( سیاست نیوز) روز نامہ ’سیاست‘ کی خبر کے اثر کے تحت محکمہ اقلیتی بہبود آخر کار بیدار ہوگیا اور محکمہ نے حج ہاوز پر نصب آندھرا پردیش وقف بورڈ کے بورڈ کو فوری نکالنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کی جگہ تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کا بورڈ آویزاں کیا جائے گا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج وقف بورڈ دفتر پہنچ کر اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے ’سیاست‘ کو بتایا کہ وہ سابق میں اس سلسلہ میں عہدیداروں کی توجہ مبذول کراچکے ہیں تاہم ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ جلد سے جلد عمارت پر سے آندھرا پردیش کا بورڈ ہٹا کر تلنگانہ کا بورڈ نصب کریں کیونکہ حج ہاوز کی عمارت تلنگانہ وقف بورڈ کی ملکیت ہے۔ واضح رہے کہ روز نامہ ’سیاست‘ نے 16جنوری کی اشاعت میں اس جانب حکام کی توجہ مبذول کرائی تھی۔ وقف بورڈ کو تقسیم ہوئے 3 ماہ ہوگئے لیکن عہدیداروں نے عمارت پر موجود آندھرا پردیش کا بورڈ تبدیل نہیں کیا۔ بتایا جاتاہے کہ چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے اس سلسلہ میں فائیل متعلقہ سیکشن کو روانہ کی لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تلنگانہ میں آندھرا پردیش کے بعض ہمدرد موجود ہیں جو فائیل کی منظوری میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔ بورڈکی تبدیلی کیلئے 80,000 روپئے کے خرچ کا تخمینہ ہے۔ سکریٹری کی ہدایت کے بعد توقع ہے کہ جلد ہی فائیل انہیں روانہ کردی جائے گی اور ان کی منظوری کے بعد بورڈ تبدیل ہوجائے گا۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ نے کہا کہ حج ہاوز کی عمارت تلنگانہ وقف بورڈ کی ملکیت ہے اور وہاں صرف تلنگانہ کا بورڈ آویزاں رہے گا۔ عمارت کے بعض حصوں میں آندھرا پردیش وقف بورڈ کیلئے جگہ فراہم کی گئی ہے جو بدستور برقرار رہے گی۔

TOPPOPULARRECENT