Wednesday , September 27 2017
Home / کھیل کی خبریں / روسی اتھلیٹس کی ریو اولمپکس میں شرکت پر پابندی برقرار

روسی اتھلیٹس کی ریو اولمپکس میں شرکت پر پابندی برقرار

کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے اپیل مسترد کردی ۔ روس پر تمام مقابلوں کیلئے پابندی بھی زیرغور
لوزین ، 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے مبینہ طور پر روسی حکومت کی سربراہی میں کھلاڑیوں کو ڈوپنگ کی ادویات فراہم کئے جانے پر روسی اتھلیٹس کی اولمپکس میں شرکت پر پابندی کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ روس کی اتھلیٹک فیڈریشن کو ورلڈ اتھلیٹکس فیڈریشن (آئی اے اے ایف) نے اس معاملے پر ایک غیر جانبدارانہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد معطل کردیا تھا۔ روسی اولمپک کمیٹی اور 68 روسی اتھلیٹس نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی لیکن فریقین کے بیانات سننے کے بعد عدالت نے پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ دیا۔ دریں اثناء عالمی اولمپک کمیٹی بھی ان مطالبات پر غور کر رہی ہے کہ روس پر 5 اگسٹ کو شروع ہونے والے اولمپکس کے تمام مقابلوں میں شرکت پر پابندی عائد کر دی جائے۔ ثالثی عدالت کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ عدالتی پیانل نے تصدیق کر دی ہے کہ روسی اولمپک کمیٹی ریو اولمپکس کیلئے اپنے ٹریک اینڈ فیلڈ کے اتھلیٹس کو نامزد کرنے کی حقدار نہیں کیونکہ وہ آئی اے اے ایف کے مقابلوں کے قوانین کے تحت اولمپکس میں شرکت نہیں کر سکتے۔ ورلڈ اتھلیٹکس فیڈریشن نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے اس کے موقف کی حمایت کی اور اس فیصلے کے نتیجے میں تمام شرکاء اتھلیٹس کو برابر موقع ملے گا۔ خیال رہے کہ حال ہی میں عالمی انسداد ڈوپنگ ایجنسی نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ 2011ء سے 2015ء کے عرصے میں موسم سرما اور موسم گرما کی اولمپکس کے دوران روسی کھیلوں کی کمیٹی نے اپنے کھلاڑیوں کے قارورے کے نمونوں میں ہیرا پھیری کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی بھی کی۔ رپورٹ کے مطابق روس نے سوچی میں  2014ء کے سمّر اولمپکس میں اتھلیٹس کی مدد کرنے کیلئے ڈوپنگ پروگرام جاری کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT