Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / روس سمیت چھ ممالک واڈا کوڈ کی خلاف ورزی کے مرتکب

روس سمیت چھ ممالک واڈا کوڈ کی خلاف ورزی کے مرتکب

واڈا نے روسی اینٹی ڈوپنگ اتھارٹی کو معطل کردیا ۔ غیرجانبدار کمیشن کی رپورٹ پر فیصلہ
نیویارک ، 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی’ واڈا‘ نے قانون کی عدم تعمیل کی بنا پر روس کی اینٹی ڈوپنگ اتھارٹی کو معطل کر دیا ہے۔ روس پر ڈوپنگ کے معاملے میں منظم اور ریاستی نگرانی میں دھوکہ دہی کا الزام ہے اور اس کی نیشنل اتھلیٹکس فیڈریشن پر پہلے ہی بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت پر عارضی پابندی لگائی جا چکی ہے۔ اسی ماہ کے اوائل میں واڈا کے غیرجانبدار کمیشن کی ایک رپورٹ سامنے آنے کے بعد سے اس فیصلے کی توقع کی جا رہی تھی۔ اس رپورٹ میں روس پر ’سرکاری سرپرستی میں ڈوپنگ‘ میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا تھا۔ واڈا کی رپورٹ میں روسی ڈوپنگ لیبارٹری کے سربراہ پر 1400 خون اور پیشاب کے نمونوں کو بگاڑنے کے الزام کے بعد انھیں اس عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا اور واڈا نے اُن کی سند بھی منسوخ کر دی ہے۔ کھیلوں کے روسی وزیر وٹالی متکو کا کہنا ہے کہ روسی اتھلیٹس خود کو اس معاملے میں صاف و شفاف ثابت کرنے کیلئے ہر صورت میں تعاون کریں گے۔ واڈا کی رپورٹ کے معاون مصنف ڈِک پاؤنڈ کا بھی کہنا ہے کہ یہ روسی اتھلیٹکس اور روس کی اینٹی ڈوپنگ تنظیم کیلئے ’بچوں کا کھیل‘ ہوگا کہ وہ ریو اولمپکس میں شرکت کیلئے وقت پر شرائط کو پورا کرسکیں۔ پاؤنڈ کے مطابق ’’میرا خیال نہیں کہ آپ نو ماہ کے عرصے میں یہ روایات ختم کر سکتے ہیں لیکن آپ ایسے کام کا آغاز کر سکتے ہیں جس سے آگے جاکر مطلوبہ نتائج حاصل ہو سکیں گے‘‘۔ تاہم روس ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے قوانین وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والا اکیلا ملک نہیں اور اسے ارجنٹینا، بولیویا، یوکرین، انڈورا اور اسرائیل کے ساتھ واڈا کی جانب سے قوانین کی ’عدم تعمیل‘ کرنے والا ملک قرار دیا گیا ہے۔ واڈا نے برازیل، بلجیم، یونان، میکسیکو اور اسپین کو بھی ’کڑی نگرانی‘ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اگر یہ ممالک مارچ 2016ء تک معیار پر پورے نہ اتریں تو انھیں بھی سخت پابندیوں یا اسی طرح کی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں کینیا کو اس کے ڈوپنگ کی روک تھام کے طریقوں کی وضاحت کرنے کا حکم دیا گیا ہے ورنہ اسے بھی مشکوک ممالک میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ واڈا کے مطابق اگر کینیا کے جوابات ’غیر تسلی بخش‘ ہوئے تو اسے بھی پابندیوں کا سامنا کرنا ہو سکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT