Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / روس ناکام، فرانس ناک آؤٹ مرحلے میں داخل

روس ناکام، فرانس ناک آؤٹ مرحلے میں داخل

فرانس آخری 16 کے مرحلے میں اولین ٹیم ۔ سوئزرلینڈ و رومانیہ کا مقابلہ 1-1 سے ڈرا
پیرس ، 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) انٹونی گریزمن اور دیمتری پائت نے مقابلے کے آخری لمحات میں گول بنائے اور میزبان فرانس کو یورو 2016ء کے آخری 16 میں اپنی جگہ کے حصول میں مدد کی جبکہ شروعات میں انھیں یورپین چمپئن شپ کی نوخیز ٹیم البانیہ کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا ہوا۔ دیگر گروپ میچوں میں روس کو سلوواکیہ کے مقابل شکست ہوگئی اور سوئزرلینڈ و رومانیہ نے ڈرا کھیلا۔ فرانس میں جاری باوقار ایونٹ میں گزشہ روز تین مقابلے کھیلے گئے۔ پہلا میچ گروپ بی میں روس اور سلوواکیہ کے درمیان کھیلا گیا، جو آخرالذکر نے 2-1 سے جیتا۔ سلوواکیہ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ہاف میں 2 گول داغے۔ ولادیمیر ویس اور میریک ہیمسیک کے ایک، ایک گول پر روسی ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی ۔ روس نے حریفوں کی برتری کو ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ ایک گول سے آگے نہیں بڑھ پائے۔ روس کا واحد گول ڈینیس نے کیا۔ میزبان فرانس نے البانیہ کو ڈرامائی انداز میں 0-2 سے شکست دے کر گروپ میں دوسری کامیابی کے ذریعے قیمتی پوائنٹس حاصل کرلئے اور اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی بھی کرلیا۔ ایونٹ کی پسندیدہ میزبان ٹیم اور البانیہ کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ تاہم میچ کے آخری لمحات میں 2 گول نے میچ کا نقشہ ڈرامائی انداز میں میزبانوں کے حق میں کردیا۔ کھیل کے آخری منٹ میں گریزمن نے پہلا گول کیا جبکہ پائت نے انجری ٹائم میں گول کر کے برتری دوگنی کردی۔ دن کا دیگر مقابلہ گروپ اے میں سوئزرلینڈ اور رومانیہ کے درمیان کھیلا گیا جو 1-1 گول سے برابر رہا۔ اسٹانکو نے رومانیہ اور مہمدی نے سوئزلینڈ کیلئے ایک، ایک گول کئے۔ ایونٹ کے اگلے میچز انگلینڈ ۔ ویلز ، یوکرین ۔ شمالی آئرلینڈ اور جرمنی ۔ پولینڈ ہیں۔

TOPPOPULARRECENT