Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / رونالڈو یوئیفا ایوارڈ کے مضبوط امیدوار

رونالڈو یوئیفا ایوارڈ کے مضبوط امیدوار

پیرس۔19جولائی (سیاست ڈاٹ کام) یورپین چمپیئن پرتگال کے شہرہ آفاق فٹ بالر کرسٹیانورونالڈو اور ریئل میڈرڈ میں ان کے ساتھی کھلاڑی گیراتھ بیل کو یوئیفا کے دس بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔ رونالڈو نے اپنے ملک کو 2016 کا یورپیئن چمپیئن بنانے سے قبل اسپین کے کلب ریئل میڈرڈ کو رواں سال مئی میں ایٹلیٹکو میڈرڈ کے خلاف پنالٹی پر شاندار گول کرکے 11 ویں مرتبہ چمپیئنز لیگ کا فاتح بنا چکے ہیں ۔یوئیفا کے دس بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں رونالڈو کے ہم وطن ساتھی کھلاڑی پیپے جبکہ ویلز اسٹار گیراتھ بیل کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ گیراتھ بیل نے اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعہ ویلز کو1958 کے بعد تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بڑے ٹورنمنٹ یوروکپ کے سیمی فائنل میں پہنچایا تھا جہاں رونالڈو کی قیادت میں پرتگال نے انھیں شکست دی تھی۔ یورپ کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے رونالڈو کودوسری مرتبہ مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے اس سے قبل وہ 2013-14 میں یہ ایوارڈ اپنے نام کرچکے ہیں اور رواں سال یہ ایوارڈ اپنے نام کرنے کی صورت میں وہ بارسلونا کے میسی کا ریکارڈ برابر کریں گے۔ یوئیفا بہترین فٹ بالرز کی فہرست میں ایٹلٹکو میڈرڈ کے فرنچ اسٹرائیکر اینٹونی گریزمین بھی شامل ہیں جنھوں نے فرانس کو یوروکپ کے فائنل تک رسائی دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ ٹورنمنٹ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی تھے۔ گریزمین کو یوروکپ کے بہترین کھلاڑی کے ساتھ ساتھ گولڈن بوٹ کا حق دار بھی قرار دیا گیا تھا۔بارسلونا کی جانب سے میسی کے علاوہ لوئس سوریز جبکہ جرمن کلب بائرن میونخ کے مینوئیل نیور اور تھامس میولر، جیونٹس کے گول کیپر گیالوگی بفن اور ریئل کے مڈفیلڈر ٹونی کروز دیگر کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔فیفا کے 55 ارکان کے صحافی 5 اگست کو ووٹ دیں گے جس کے بعد ایوارڈ کے فاتح کا فیصلہ ہوگا۔یورپ کے بہترین کھلاڑی کا اعلان 25 اگست کو موناکو میں کیا جائے گا اور اسی دن چمپیئنز لیگ کے گروپ مرحلے کے ڈراز کا بھی اعلان کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT