Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / روہت شرما نے ای ایس پی این ایوارڈس کی ہیٹ ٹرک کرلی

روہت شرما نے ای ایس پی این ایوارڈس کی ہیٹ ٹرک کرلی

نئی دہلی ۔ 14 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر روہت شرما نے ماروتی سوزوکی‘ ای ایس پی این کرک انفو ایوارڈ پر متواتر تیسری مرتبہ اپنی کامیابی کی مہر ثبت کرلی ہے ۔ نیز نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برنڈن مکالم کو نئے زمرہ کے تحت سال کا بہترین کپتان قرار دیا گیا ہے ۔ روہت شرما جنہوں نے 2013 اور 2014 میں ونڈے کرکٹ میںدو ڈبل سنچریوں کی بدولت سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا اس مرتبہ انہوں نے ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں سال بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جنوبی افریقہ کے خلاف دھرم شالہ میں 106 رنز کی اننگز کی بدولت حاصل کیا ہے ۔ 2015 میں شاندار مظاہرے کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں مکالم کو سال کا بہترین کپتان قرار دیا کیونکہ انہوں نے اپنی قیادت میں نیوزی لینڈ ٹیم کو پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچایا تھا ۔ انگلینڈ کے فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ کو ٹسٹ کرکٹ کی شاندار بولنگ کا اعزاز حاصل ہوا جنہوں نے چوتھے ٹسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف 15 رنز دے کر 8 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا ۔ ٹسٹ میں بہترین بیٹنگ کا اعزاز نیوزی لینڈ کے موجودہ کپتان کین ولیمسن کے  نام رہا جنہوں نے سری لنکا کے خلاف 242 رنز کی اننگز کھیلی ہے ۔ ونڈے کرکٹ میں بہترین مظاہرہ کا ایواڈ اے بی ڈیلرس کے نام رہا جنہوں نے 31 گیندوں میں تیز ترین سنچری اسکور کرنے کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے خلاف اس اننگز میں 149 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ اس زمرہ بہترین بولنگ ایوارڈ ٹم ساوتھی کے نام رہا جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف ورلڈ کپ میں 33 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں آوٹ کیا ۔ ڈیویڈ ویسی جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 23 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا انہیں ٹوئنٹی 20 کی بہترین بولنگ کا ایوارڈ ملا ہے ۔ بنگلہ دیش کے بائیں ہاتھ بولر مستفیض الرحمن جنہوں نے ہندوستان کے خلاف شاندار مظاہروں کے ذریعہ اپنے کیریئر کا آغاز کیا ہے انہیں ان مظاہروں کی بدولت بہترین نئی آمد کے زمرہ میں ایوارڈ کا مستحق قرار دیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT