Saturday , October 21 2017
Home / Top Stories / :روہت کی خودکشی : سنٹرل یونیورسٹیز کے تمام وائس چانسلر کا مجوزہ اجلاس

:روہت کی خودکشی : سنٹرل یونیورسٹیز کے تمام وائس چانسلر کا مجوزہ اجلاس

نئی دہلی ۔ /7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) دلت اسکالر روہت ویمولا خودکشی واقعہ کے پس منظر میں وزارت فروغ انسانی وسائل نے تمام سنٹرل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کا /18 فبروری کو اجلاس منعقد کیا ہے جس میں پسماندہ و پچھڑے طبقات کے ساتھ امتیازی سلوک ختم کرنے مختلف طریقوں پر غور و خوص ہوگا ۔ وزارت نے تمام وائس چانسلر اور 46 سنٹرل یونیورسٹیز کے سربراہان کا دہلی میں یہ اجلاس بجٹ سیشن سے قبل طلب کیا کیونکہ اپوزیشن جماعتیں ایوان میں اسے ایک بڑا مسئلہ بناسکتی ہیں ۔ اپوزیشن جماعتوں نے متعدد مرتبہ مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ کے رول کے بارے میں سوالات اٹھائے اور مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کو بھی تنقیدوں کا نشانہ بنایا ہے ۔ روہت ویمولا خودکشی کے بعد بڑے پیمانے پر برہمی اور مظاہرے کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزارت فروغ انسانی وسائل نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے منتظمین کو اس حساس مسئلہ کے بارے میں باخبر کرنے کیلئے پروگرام کا آغاز کیا جائے گا ۔ انہیں بتایا جائے گا کہ سماجی ، تعلیمی اور معاشی طور پر پسماندگی کا شکاران طلباء کے مسائل سے کس طرح نمٹا جائے اور حساس موضوعات کے تعلق سے کیا لائحہ عمل اختیار کیا جائے ۔ تمام وارڈنس ، اڈمنسٹریٹیو اسٹاف اور رجسٹرار کے لئے لازمی طور پر اورینٹیشن پروگرام منعقد کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ ایسے طلباء کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے خصوصی میکانزم کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔ دلت اسکالر روہت ویمولا نے /17 جنوری کو حیدرآباد یونیورسٹی میں خودکشی کرلی تھی جس کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور برہمی کا اظہار کیا گیا اور اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں پچھڑے و پسماندہ طبقات کے مسائل منظر عام پر آئے تھے

TOPPOPULARRECENT