Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / رویندرا بھارتی میں 11 نومبر کو یوم اقلیتی بہبود تقریب، چیف منسٹر مدعو

رویندرا بھارتی میں 11 نومبر کو یوم اقلیتی بہبود تقریب، چیف منسٹر مدعو

حیدرآباد ۔ 9 ۔ نومبر ( سیاست نیوز) ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش کو یوم اقلیتی بہبود کے طور پر منانے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ 11 نومبر کو محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے رویندر بھارتی میں تقریب منعقد کی جائے گی جو یوم اقلیتی بہبود اور یوم تعلیم کے عنوان سے رہے گی۔ اس تقریب میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مدعو کیا گیا ہے۔ پروگرام کی تیاریوں کے سلسلہ میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر نے آج اقلیتی اداروں کے ذمہ داروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں یوم اقلیتی بہبود کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور ، مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ مختلف امور کی تکمیل کی ذمہ داری مختلف اداروں کو دی گئی ہے، یوم اقلیتی بہبود میں مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ دیا جائے گا جو مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیت کیلئے ہوگا۔ اس کے علاوہ بیسٹ ٹیچر اور بیسٹ اردو اسٹوڈنٹس ایوارڈس بھی پیش کئے جائیں گے۔ ہر ضلع سے پانچ اردو اساتذہ کا انتخاب کیا جائے گا جن کا تعلق پرائمری اسکولس سے ڈگری کالجس تک ہوگا۔ اس کے علاوہ یونیورسٹیز کے 2 ، یونانی میڈیسن کے 2 اور خطاطی کے ایک استاد کو بھی ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔ بیسٹ اردو اسٹوڈنٹ کے تحت ہر ضلع سے 5 طلبہ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ صرف سرکاری مدارس سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو یہ ایوارڈ پیش کئے جاتے ہیں جو متعلقہ ڈی او کے سفارش کردہ ناموں میں سے منتخب کئے جاتے ہیں۔ یوم اقلیتی بہبود کی تقریب کے موقع پر مختلف اقلیتی اداروں کی جانب سے رویندرا بھارتی کے بیرونی حصہ میں اسٹالس لگائے جائیں گے جس میں اقلیتی اسکیمات کی تفصیلات درج رہیں گی۔ شادی مبارک اسکیم کیلئے خصوصی اسٹال لگایا جائے گا ۔ اس کے علاوہ آٹو رکشا اسکیم کا بھی علحدہ اسٹال ہوگا۔ اردو اکیڈیمی ، حج کمیٹی ، وقف بورڈ ، دائرۃ المعارف ، اقلیتی فینانس کارپوریشن اور کرسچین فینانس کارپوریشن کے بھی اسٹالس رہیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی تقریب کی صدارت کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT