Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / رکھائین کے انسانی المیہ کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ

رکھائین کے انسانی المیہ کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ

روہنگیا مسلمانوں پر ظلم کے خلاف کل جماعتی مذمتی اجلاس، علماء کرام و دانشوروں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ستمبر (سیاست نیوز) جمعیتہ العلماء ہند تلنگانہ و آندھراپردیش کے زیراہتمام روہنگیا مسلمانوں پر مائنمار میں ہورہے ظلم و بربریت کے خلاف مدینہ ایجوکیشنل سنٹر (نامپلی) میں کل جماعتی مذمتی اجلاس منعقد ہوا۔ مولانا حافظ پیرشبیر احمد جمعیتہ العلماء ہند تلنگانہ و آندھراپردیش نے صدارت کی۔ اجلاس میں شہر کی دینی، ملی تنظیموں کے علاوہ دینی مدارس اور جمعیتہ العلماء ہند کے ریاستوں سے وابستہ صدور اور معتمدین کی کثیر تعداد شریک تھی۔ اجلاس میں قرارداد پیش کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ بلاتاخیر رکھائین میں جاری انسانی المیہ کی بین الاقوامی تحقیقاتی کروائی جائے اور متاثرین تک عالمی میڈیا اور دفاعی اداروں کی رسائی کی اجازت دی جائے۔ کسمپرسی کے عالم میں کیمپوں میں پناہ لئے ہوئے متاثرین کی بازآبادکاری کی جائے۔ روہنگیا مسلمانوں کو حق شہریت دی جائے اور ان کو 1982ء کے قانون کے ذریعہ شہریت کے حق سے محروم کرنا اقوام متحدہ کے بین الاقوامی حقوق انسانی چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ان کو پہلے ہی کی طرح وہاں کا آئینی شہری تسلیم کیا جائے۔ جو لوگ میانمار کے حالات سے متاثر ہوکر دوسرے ممالک میں پناہ لے رہے ہیں ان کے ساتھ انسانی سلوک روا رکھا جائے۔ حکومت ہند سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مظلوموں کے ساتھ اپنے قدیم اور روایتی انسانی ہمدردی کا معاملہ جاری رکھے اور اس سلسلہ میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی طرح فراخدلی کا مظاہرہ کریں۔ اجلاس میں مجلس علمائے دکن، جماعت اسلامی ہند تلنگانہ و اڈیشہ، کل ہند مجلس تعمیر ملت، مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا، تحفظ ختم نبوت تلنگانہ و آندھرا، رابطہ مدارس اسلامیہ، صفا بیت المال، امارت ملت اسلامیہ تلنگانہ و آندھرا، یونائیٹیڈ فورم و دیگر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ظالمانہ اور وحشیانہ عمل پر تشویش کا اظہار کیا اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بلاتاخیر انسانی جان کی تحفظ کیلئے ضروری اور مثبت قدم اٹھائیں۔ اس اجلاس میں حافظ پیر شبیراحمد، مولانا حامد محمد خان، مولانا عبدالقوی، مولانا غیاث احمد رشادی، مولانا محمد انصاراللہ قاسمی، مولانا مفتی عبدالمغنی، مولانا قاضی سمیع الدین، بدھسٹ رہنما پی ہری ناتھ، مولانا مفتی یونس قاسمی، مولانا عبدالعظیم قاسمی، مولانا عارف قادری، جناب محمد اظہرالدین، جناب محمد شمیم اور دیگر نے مائنمار میں ظلم و زیادتی پر اظہارخیال کیا۔ مولانا عبدالقوی نے دعا کی۔

TOPPOPULARRECENT