رہزنوں کی ٹولی گرفتار

   

حیدرآباد ۔ /17 جون (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے رہزنوں کی ٹولی کو گرفتار کرتے ہوئے بیگم پیٹ علاقہ میں پیش آئے رہزنی کی واردات کا معمہ حل کرلیا ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے مسروقہ مال اور گاڑی برآمد کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق /14 جون کو خیرت آباد کے ساکن وی راجیش سکندرآباد جوبلی بس اسٹیشن پر اترکر پریڈ گراؤنڈ کی سمت پیدل جارہا تھا کہ نامعلوم افراد نے اسے زدوکوب کیا اور بعد ازاں اس کا موبائیل فون چھین کر فرار ہوگئے ۔ ٹاسک فورس نے ملزمین کی گرفتاری کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا جس میں رہزنوں کی شناخت ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس رہزنی میں 20 سالہ محمد نصرت پاشاہ اور اس کے ساتھی 23 سالہ سید سمیر پاشاہ نے حصہ لیا ۔ پولیس نے بتایا کہ نصرت پاشاہ ایک عادی سارق ہے اور سابق میں اسے بیگم پیٹ اور ماریڈ پلی پولیس نے سرقہ اور رہزنی کے معاملوں میں ملوث ہونے پر گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیج دیا تھا۔