Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ریاستی اسمبلی و کونسل کے سرمائی اجلاس کا 16 ڈسمبر سے آغاز

ریاستی اسمبلی و کونسل کے سرمائی اجلاس کا 16 ڈسمبر سے آغاز

حکومت کی حکمت عملی کو قطعیت دینے آج کابینہ کا اجلاس
حیدرآباد۔/9 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی اسمبلی و کونسل کا سرمائی اجلاس 16 ڈسمبر سے شروع ہوگا جس کیلئے آج اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق 16 ڈسمبر کو 11بجے دن دونوں ایوانوں کا اجلاس شروع ہوگا۔حکومت اجلاس کو 10 دن جاری رکھنے کا منصوبہ رکھتی ہے تاہم اس بارے میں قطعی فیصلہ 15 ڈسمبر کو بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا جو اسپیکر مدھو سدھن چاری کے چیمبر میں منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے 10 ڈسمبر کو 3 بجے سہ پہر کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں سرمائی اجلاس میں پیش کئے جانے والے بلز اور حکومت کی حکمت عملی کو قطعیت دی جائے گی۔ 14 ڈسمبر کو کلکٹر کانفرنس منعقد ہوگی جبکہ 15 ڈسمبر کو ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس پرگتی بھون میں ہوگا۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی و کونسل کو پارٹی حکمت عملی سے آگاہ کیا جائے گا۔ اسی دوران اپوزیشن نے بھی اسمبلی اجلاس کیلئے اپنی حکمت عملی کو قطعیت دینا شروع کردیا ہے۔ مرکز کی جانب سے نوٹ بندی کے فیصلہ کے بعد ریاست پر اثرات، طلبہ کو فیس باز ادائیگی کی عدم اجرائی اور کسانوں کے مسائل دونوں ایوانوں میں مباحث کا اہم موضوع ہوسکتے ہیں۔ حکومت کے موقف کو طئے کرنے ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کے پاس ٹی آر ایس قائدین اور وزراء کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزرا گورنمنٹ چیف وہپ کے ایشور، گورنمنٹ وہپ پی راجیشور ریڈی، ایم سدھاکر ریڈی، گمپا گوردھن، بی وینکٹیشورلو اور سنیتا لکشما ریڈی نے شرکت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اپوزیشن کے الزامات کا جواب دینے وزرا کو تیاری کے ساتھ ایوان آنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تمام وزراء اپنے متعلقہ محکمہ جات کی تفصیلات کیلئے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں تاکہ اپوزیشن کے استفسار کا بہتر جواب دے سکیں۔ ارکان کو مختلف موضوعات الاٹ کئے جائیں گے جس کے مطابق وہ مباحث میں حصہ لیں گے۔ ٹی آر ایس کو اسمبلی میں کانگریس اور تلگودیشم کے الزامات کا سامنا ہے جبکہ کونسل میں کانگریس کی عددی طاقت کافی کم ہے لہذا ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ کے امکانات کم ہیں۔

TOPPOPULARRECENT