Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ریاستی وزراء اور ٹی آر ایس قائدین کا آج جواب دوں گا

ریاستی وزراء اور ٹی آر ایس قائدین کا آج جواب دوں گا

تلنگانہ پولیٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس طلب ، آئندہ کی حکمت عملی پر غور
حیدرآباد۔/7 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر نشین پروفیسر کودنڈا رام نے اعلان کیا کہ ان کے خلاف وزراء اور ٹی آر ایس قائدین کے الزامات کا کل 8جون کو جواب دیا جائے گا۔ کودنڈا رام نے تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس چہارشنبہ کو طلب کیا ہے جس میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کی حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ کودنڈا رام نے ریاستی وزراء اور ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے ان کے خلاف الزام تراشی اور بیان بازی پر فوری تبصرہ سے گریز کیا اور کہا کہ ان پر کوئی شخصی الزامات عائد نہیں کئے گئے لہذا اجلاس میں بیانات کا جائزہ لیا جائے گا اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی جوابی لائحہ عمل طئے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے ان کی تکمیل کیلئے جے اے سی کی جانب سے جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے زیر تکمیل وعدوں کی فہرست تیار کرلی ہے اور مرحلہ وار طور پر جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وقت آچکا ہے کہ عوامی مسائل کی یکسوئی اور وعدوں کی تکمیل کیلئے حکومت پر دباؤ میں شدت پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے قیام کے بعد سے ہی وہ مختلف مسائل پر تعمیری تجاویز پیش کرتے رہے ہیں لیکن دو سال کی تکمیل کے بعد انہیں کارکردگی سے مایوسی ہوئی ہے۔ گذشتہ دو سال میں حکومت نے عوام اور بالخصوص کسانوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔ ہم نے دو سال حکومت کے اقدامات کا انتظار کیا لیکن اب وقت گذرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے تلنگانہ جدوجہد کے موقع پر نئی ریاست سے جو توقعات وابستہ کی تھیں انہیں مایوسی ہوئی۔ کودنڈا رام نے کہا کہ ریاست بھر میں ترقی اور خوشحالی کے بجائے ترقی کو صرف حیدرآباد تک محدود کردیا گیا ہے تاکہ بیرونی سرمایہ کاری حاصل کی جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT