Friday , October 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ریاست تلنگانہ کو سرسبز و شاداب بنانا حکومت کی اولین ترجیح

ریاست تلنگانہ کو سرسبز و شاداب بنانا حکومت کی اولین ترجیح

آرمور میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح ، ریاستی وزراء جوگو رامنا اور سرینواس ریڈی کا خطاب

آرمور۔ 18 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر جنگلات و بی سی ویلفیر جوگو رامنا، وزیر زراعت پوچا رام سرینواس ریڈی نے آرمور کے شہر پرکٹ کا دورہ کرتے ہوئے نوتعمیر شدہ بی سی ہاسٹل کا افتتاح انجام دیا اور اس ہاسٹل کا مشاہدہ کیا اور اس کے متعلق متعلقہ عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ یہاں پر موجود مختلف ہاسٹلس کے طلباء کو غذا کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ اس کے علاوہ یہاں حکومت کی اسکیم ہریتا ہارم اسکیم کے تحت پودے لگائے گئے اور یہاں پر مقامی ایم آر گارڈن فنکشن ہال پر مقامی سرپنچ وجیا لکشمی نارائنا کی وزارت میں ایک پروگرام رکھا گیا۔ اس موقع پر وزیر جنگلات جوگو رامنا نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ کے سی آر نے ہریتا ہارم کے نام سے ایک پروگرام کی ترتیب دی جس کے ذریعہ ریاست تلنگانہ کے دیہات میں پودے لگائے جارہے ہیں۔ اس سال ریاست بھر میں 40 کروڑ پودے لگانے کا نشانہ لیا گیا ہے۔ اس طرح ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ پودے لگائیں اور اپنے بچوں کی طرح اس کی پرورش کریں، کیونکہ درخت سے ہی آکسیجن، بارش کا انحصار ہے اور ریاست کو سرسبز و شاداب بنایا جاسکتا ہے۔ بتایا کہ ضلع نظام آباد کو شجرکاری میں ریاست بھر میں پہلا مقام حاصل ہے۔ اس موقع پر وزیر زراعت پوچارام سرینواس ریڈی نے عوام کے بھاری مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کے سی آر حکومت نے اسے اسکیمات رائج کئے ہیں۔ ہندوستان میں کسی بھی ریاست میں اس طرح کی اسکیمات نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کی 45 لاکھ عوام کو وظیفے دیئے جارہے ہیں جن میں تنہا خاتون، بیوہ، بیڑی پنشن اور دیگر شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شادی مبارک، کلیانا لکشمی اسکیم کے تحت جملہ 2 لاکھ غریب خاندانوں کی لڑکیوں کی امداد کی گئی جس میں شادی مبارک کے 70 ہزار لڑکیوں کو امداد دی دئی۔ اس کے علاوہ اماں وڑی اسکیم کے تحت حاملہ خاتون کو 14 ہزار روپئے وقفہ وقفہ سے جاری کئے جارہے ہیں اور کے سی آر کٹ کے نام پر نومولود بچے کو بستر، صابن، تیل، شیمپو وغیرہ دیا جارہا ہے۔ رکن اسمبلی آرمور جیون ریڈی نے بھی اس پروگرام سے مخاطب کیا۔ مقامی سرپنچ وجیا لکشمی نے یہاں کی آبادی اور بے گھر افراد خاندان کی مناسبت سے 500 ڈبل بیڈ روم کے مکانات منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر وزراء اور رکن اسمبلی آرمور نے میونسپل چیرمین سواتی سنگھ ببلوکے مکان پہنچ کر ان سے بات کی کیونکہ ایک ہفتہ قبل ان کی والدہ گذر چکی ہے۔ اس موقع پر ضلع پریشد چیرمین دفعیدار راجو، ایم پی پی نرسیا، نائب ایم پی پی باجنا، آر ڈی او سرینواس تحصیلدار راجندر کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔

 

TOPPOPULARRECENT