Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / ریاست میں امن و امان کی برقراری پر پولیس کی ستائش

ریاست میں امن و امان کی برقراری پر پولیس کی ستائش

2500 صنعتوں کا قیام ، لاکھوں روزگار کے مواقع دستیاب ، چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد /13 جنوری ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر تلنگانہ چندرا شیکھر راؤ نے محکمہ جات صنعت اور پولیس کے خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ پرامن ماحول کے سبب ریاست میں 2500 صنعتیں قائم ہوئی اور لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع دستیاب ہوئے ہیں ۔ آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر نے محکمہ پولیس کا جائزہ اجلاس طلب کیا جس میں ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ڈی جی پی انوراگ شرما ، کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس مہیندر ریڈی سکریٹری محکمہ داخلہ راجیو ترویدی نائب صدرنشین مشن بھاگیرتا پرشانت ریڈی کے علاوہ چیف منسٹر آفس کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے مختلف امور کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ محکمہ جات پولیس اور صنعت کی کارکردگی قابل ستائش ہے ۔ مختلف ریاستوں سے تلنگانہ کا دورہ کرنے والوں کی یہی رائے ہے ۔ ٹی ایس آئی پاس نظام کا اعلان کرنے کے بعد 2500 سے زائد صنعتیں تلنگانہ میں قائم ہوئی ہیں جس کی اہم وجہ ریاست کا پرامن ماحول ہے ۔ ریاست میں جرائم بڑی حد تک گھٹ گیا ہے ۔ جرم کرنے والوں سے پولیس انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی ذہین سازی کر رہی ہے اور انہیں عام دھارے میں شامل کرانے میں غیر معمولی رول ادا کر رہی ہے ۔ ڈی جی پی انوراگ شرما نے محکمہ پولیس کے کارکردگی اور مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کانسٹیبل کی مخلوعہ جائیدادوں اور دیگرا مور کو چیف منسٹر سے رجوع کرتے ہوئے محکمہ پولیس کے تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کی اپیل کی ۔ امن و امان کی برقراری کے سبب دیہی علاقوں کے عوام میں بھائی چارگی میں اضافہ ہونیکا بھی دعوی کیا ۔ محکمہ پولیس سے متعلق کئی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے چیف منسٹر نے پولیس کی زبردست ستائش کی اور بتایا کہ شہر حیدرآباد میں امن و امان کی برقراری کیلئے پولیس نے اچھی خدمات انجام دی ہے ۔ شہر میں دیگر ریاستوں سے آنے والے افراد کی بڑھتی تعداد کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ ریاست میں بہترین لاء ا ینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔ جرائم میں قابل لحاظ کمی آئی ہے ۔ ڈی جی پی انوراگ شرما نے چیف منسٹر کو بتایا کہ محکمہ پولیس کو مزید جوانوں کی ضرورت ہے اور کانسٹیبل کیڈر میں فوری تقررات کرتے ہوئے پولیس فورس کو مضبوط بنایا جانا ضروری ہے ۔ دیہی اور شہری علاقوں میں عوام کے اندر اعتماد پیدا کرنے کے لئے پولیس نے اپنے فرائض کو موثر طریقہ سے روبہ عمل لایا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT