Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / ریاست میں سب انسپکٹر تقررات تعطل کا شکار

ریاست میں سب انسپکٹر تقررات تعطل کا شکار

ٹسٹ کے انعقاد کے سات ماہ کے باوجود ‘ نتائج کی اجرائی میں تاخیر
حیدرآباد۔ 22 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں پولیس سب انسپکٹرس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے باقاعدہ ٹسٹ منعقد ہوا تھا۔ ٹسٹ کا انعقاد عمل میں آئے زائد از سات ماہ کا عرصہ ہوچکا لیکن نتائج کی اجرائی میں تاخیر سے امیدواروں میں تشویش ہے ۔ سب انسپکٹر ٹسٹ کے نتائج میں تاخیر سے یہ امیدوار دوسرے ٹسٹوں میں شرکت سے محروم ہورہے ہیں۔ تلنگانہ میں حکومت نے 510 سب انسپکٹر پولیس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کرکے تقررات کے عمل کا آغاز کیا ہے اور نومبر 2016ء میں تلنگانہ اسٹیٹ لیول رکروٹمنٹ بورڈ نے ٹسٹ کا انعقاد عمل میں لایا تھا ۔ ٹسٹ میں زائد از 33 ہزار امیدواروں نے شرکت کی تھی جبکہ تقریباً اسی وقت پولیس کانسٹبل رکروٹمنٹ کیلئے بھی ٹسٹ منعقد کیا گیا تھا اور اس ٹسٹ کا نتیجہ کے بعد پولیس کانسٹبل کی ٹریننگ کا بھی آغاز ہوچکا ہے لیکن سب انسپکٹر امیدوار نتائج کیلئے پولیس رکروٹمنٹ بورڈ اور دفتر ڈی جی پی کے چکر کاٹ رہے ہیں ۔اعلیٰ پولیس عہدیدار ٹسٹ کے نتائج میں امکانی غلطیوں سے بچنے احتیاط سے کام کررہے ہیں جس کی وجہ سے سمجھا جارہا ہے کہ نتائج کی اجرائی میں تاخیر ہورہی ہے ۔ حالیہ دنوں میں حکومت کی جانب سے مختلف محکمہ جات میں تقررات کیلئے اعلامیے جاری کئے گئے اور ان کی روشنی میں سب انسپکٹر ٹسٹ میں شریک امیدوار اپنی ملازمتوں کے تعلق سے تذبذب کا شکار ہیں۔ اگر نتائج جاری ہوجائیں تو ناکام امیدوار کسی اور محکمہ میں تقررات کیلئے درخواستیں داخل کرکے تیاری کرسکتے ہیں۔ امیدوار جلد نتائج کی اجرائی کو یقینی بنانے مطالبہ کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT