Friday , July 28 2017
Home / شہر کی خبریں / ریاست میں ٹماٹر کی قیمت پر قابو پانے ضروری اقدامات

ریاست میں ٹماٹر کی قیمت پر قابو پانے ضروری اقدامات

دیگر ریاستوں سے ٹماٹر کی درآمد کو یقینی بنانے پر زور ، ریاستی وزراء کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔11جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں ٹماٹر کی قیمت میں ہونے والے اضافہ کے کنٹرول کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا ریاستی وزراء مسٹر ای راجندر اور مسٹر پوچارم سرنیواس ریڈی نے جائزہ لیتے ہوئے محکمہ زراعت کے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ دیگر ریاستوں سے ٹماٹر کی درآمدات کو ممکن بنانے کے اقدامات کریں کیونکہ گذشتہ دو یوم کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 20روپئے تک کا اضافہ ہوچکا ہے اور اب ٹماٹر 100روپئے کیلو فروخت کیا جانے لگا ہے ۔ ترکاری فروشوں کا کہنا ہے کہ ریاست میں ٹماٹر کی قیمت میں ہونے والے اضافہ کیلئے وہ ذمہ دار نہیں ہیں بلکہ کسانوں کی جانب سے جو ٹماٹر فروخت کیلئے بازار میں پہنچ رہا ہے وہ انتہائی قلیل ہے اسی لئے طلب اور پیداوار میں آنے والے فرق کے سبب صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ محکمہ زراعت کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ موسم باراں کے سبب ٹماٹر کی فصل تباہ ہونے کی وجہ سے یہ حالات پیدا ہوئے ہیں اور ان حالات سے نمٹنے کے لئے دوسری ریاستوں سے ٹماٹر تلنگانہ میں درآمد کرنے کے متعلق غور کیا جا رہا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ کی بنیادی وجہ موسم ہے اور ریاست میں ٹماٹر آندھراپردیش اور کرناٹک سے درآمد کیا جاتا ہے لیکن بعض علاقوں میں ناکافی بارش اور بعض علاقوں میں بہت زیادہ بارش کے سبب فصلیں تباہ ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ٹماٹر کی قلت پائی جانے لگی ہے۔ محکمہ زراعت کے مطابق سال گذشتہ ان ایام میں یعنی ماہ جولائی کے وسط میں 300ٹن سے زیادہ ٹماٹر پہنچا تھا لیکن اب اس میں 215ٹن کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ ان عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے واضح احکامات کی اجرائی کے بعد جو صورت پیدا ہوگی اس کا جائزہ لینے کے بعد ہی کہا جا سکتا ہے کہ دیگر ریاستوں سے ٹماٹر درآمد کرنے کے قیمت پر کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ جولائی 2016میں ایک ہفتہ کیلئے ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا لیکن تلنگانہ کے اضلاع میں تاریخ میں کبھی ٹماٹر کی قیمت 100 روپئے تک نہیں پہنچ پائی تھی لیکن اس مرتبہ ٹماٹر کی قیمت 100روپئے پہنچنے کے سبب حکومت کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ گذشتہ 15یوم کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 80تا 85 روپئے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور گذشتہ دو یوم کے دوران 20روپئے تک کا اضافہ زرعی محکمہ کے عہدیداروں کو بھی مشکل میں مبتلاء کرچکا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT