Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / ریاست میں گرین ڈے کا اہتمام ‘تعلیمی اداروں میں شجرکاری

ریاست میں گرین ڈے کا اہتمام ‘تعلیمی اداروں میں شجرکاری

طلبا کی جانب ریلیوں کا اہتمام ۔ عوام میں شعور بیداری ۔ گورنر نے بھی پروگرام میں حصہ لیا
حیدرآباد 15 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) محکمہ تعلیمات کی جانب سے آج ریاست میں گرین ڈے منایاگیا جس میں سرکاری ، خانگی تعلیمی اداروں کے طلبا ، اساتذہ ، غیر تدریسی ارکان کو شامل کرکے شجرکاری کی گئی۔یہ شجرکاری عموما اسکولس، کالجس اور یونیورسٹیز کے خالی مقامات پر کی گئی۔ طلبا کی جانب سے شہر کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں ریلیاں نکالی گئیں اور سرسبزی وشادابی میں اضافہ کیلئے عوام میں بیداری پیداکرنے نعرے لگائے گئے ۔ طلبا نے عوام کو سرسبزی وشادابی کی مہم سے لوگوں کو واقف کروایا۔محکمہ تعلیمات کی جانب سے پروگرام سے ایک دن پہلے سرکاری اسکولس کے صدورمدارس کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ سرکاری نرسریز سے پودے حاصل کرکے اسکولس کے احاطہ میں لگائیں تاکہ سرسبزی وشادابی کویقینی بنایاجاسکے ۔ہرسال حکومت کی جانب سے یہ پروگرام منعقد کیاجاتا ہے ۔ اس موقع پرسلسلہ وار پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں سرسبزی وشادابی میں اضافہ کیلئے ریلیاں ، تقریری مقابلے ،مضمون نویسی کے مقابلے بھی شامل ہیں۔محکمہ کی جانب سے متعلقہ اداروں سے رائے حاصل کی گئی اور یوم آزادی کے موقع پر طلبا میں انعامات کی تقسیم عمل میں آئیگی۔ محکمہ تعلیمات نے اس با ت کو بھی یقینی بنایا ہے کہ ہریتاہارم پروگرام کے دوران لگائے گئے پودوں کا تحفظ کیا جائے اور ان پودوں کے اطراف ٹری گارڈ بھی لگائے جائیں تاکہ ان کو جانوروں سے بچایا جاسکے ۔ گرین بریگیڈس کو ان پودوں کے تحفظ کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ساتھ ہی غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے بھی اس پروگرام کا اہتمام کیاجارہا ہے ۔ تمام سرکاری دفاتر کے احاطہ میں پودے لگانے کی حکومت نے ہدایت دی ہے ۔ اس دوران گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے آج صبح راج بھون کے ماڈل اسکول میں شجرکاری میں شرکت کی اور پودا لگایا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ تلنگانہ کو سرسبز ریاست میں تبدیل کیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ ہر اسکول کی ہر جماعت کو ایک پودا لگانے اور اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ انہوں نے سرسبزی وشادابی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ سرسبزی وشادابی سے بارش بہتر ہوتی ہے ۔کڈیم سری ہری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ یہ پروگرام مسلسل جاری رکھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے تمام اسکولس میں یہ پروگرام منعقد کرکے اسکولس کو تبدیل کیاجائیگا۔انہوں نے پروگرام میں گورنر کی شرکت پر اظہار تشکر کیا ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس پروگرام میں شراکت دار بن کر اس کو کامیاب کریں۔اس پروگرام میں مرکزی وزیر بنڈارودتاتریہ نے بھی شرکت کی ۔

 

TOPPOPULARRECENT