Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / ریاست میں 40 برس اقتدار پر رہنے والے کانگریس نے کسانوں کو دھوکہ دیا

ریاست میں 40 برس اقتدار پر رہنے والے کانگریس نے کسانوں کو دھوکہ دیا

ٹی آر ایس پر انگلی اٹھانے سے قبل اپنا گریبان جھانکے ، ڈاکٹر پی راجیشور ریڈی
حیدرآباد ۔ 11۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں 40 برسوں تک اقتدار میں رہنے والی کانگریس پارٹی نے کسانوں کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے لیکن آج وہ خود کو کسانوں کے ہمدرد کے طور پر پیش کر رہی ہے ۔ قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ وہپ ڈاکٹر پی راجیشور ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند دن سے کانگریس ، تلگو دیشم ، بی جے پی اور سی پی ایم قائدین عوام کو مشتعل کرنے کیلئے حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ کسانوں کے نام پر مختلف اضلاع میں جلسے منعقد کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت کو مخالف کسان ظاہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پر تنقید سے قبل ان جماعتوں کو اپنے دور حکومت کا محاسبہ کرنا چاہئے ۔ کانگریس قائدین نے اپنی حکومت کے دوران کبھی بھی عوام اور بالخصوص کسانوں کی بھلائی کی فکر نہیں کی لیکن آج وہ ٹی آر ایس حکومت کے ہر اقدام کی مخالفت کر رہے ہیں ۔ متحدہ آندھراپردیش میں پانی اور دیگر شعبوں میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کیلئے کانگریس پارٹی ذمہ دار ہے۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت برسر اقتدار آتے ہی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کسانوں کی بھلائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے ۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کے ذریعہ زرعی شعبہ کو سیراب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ مشن کاکتیہ اور مشن بھگیرتا خصوصی پروگرام شروع کئے گئے ۔ مشن کاکتیہ کے تحت تقریباً 40 فیصد تالبوں اور جھیلوں کا تحفظ کرتے ہوئے ان کے ذریعہ زرعی شعبہ کو پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی میں ٹی آر ایس حکومت ملک کی دیگر ریاستوں سے آگے ہے۔ کسانوں کو امدادی قیمت کی فراہمی اور کسانوں کی پیداوار کی خریدی کیلئے حکومت نے خصوصی اقدامات کئے ہیں تاکہ کسانوں کو نقصان سے بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور تلگو دیشم قائدین کسانوں کے درمیان جاکر انہیں حکومت کے خلاف مشتعل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ کسان ان جماعتوں کے بہکاوے میں آنے والے نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے صدر ڈاکٹر لکشمن نے اسمبلی میں حکومت کے اقدامات کی ستائش کی لیکن عوام کے درمیان جاکر حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔ راجیشور ریڈی نے سی پی ایم کے قائد ویرا بھدرم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کے سی آر نے جن اقدامات کا آغاز کیا ہے ، وہ کمیونسٹ جماعتوں کے انتخابی منشور سے آگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل کے مجوزہ جلسہ عام میں چیف منسٹر ہر شعبہ کی ترقی کیلئے حکومت کے منصوبے کا اعلان کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل صرف کے سی آر سے ممکن ہے۔

TOPPOPULARRECENT