Wednesday , June 28 2017
Home / دنیا / ریاض سربراہ کانفرنس:دہشت گردی کیخلاف نئی فورس کا اعلان

ریاض سربراہ کانفرنس:دہشت گردی کیخلاف نئی فورس کا اعلان

امریکہ، عرب،مسلم ممالک کی 34 ہزار سپاہیوں پر مشتمل فورس
ریاض ۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی میزبانی میں اتوار کو مسلمان، عرب ممالک اور امریکہ کی سربراہ کانفرنس میں دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے ایک نئی فورس کی تشکیل کا اعلان کیا گیا ہے جس میں ابتدائی طور پر34 ہزار فوجیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ریاض میں اسلامی، عرب ، امریکی سربراہ کانفرنس سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیزیر صدارت منعقد کی گئی جس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور 55 مسلمان ممالک کے سربراہان مملکت نے شرکت کی۔اس موقع پر انسداد دہشت گردی کے لیے ایک فورس کی تشکیل کا اعلان کیا گیا۔ کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ آئندہ سال مشرق وسطیٰ میں نیا اسٹریٹیجک اتحاد تشکیل دیا جائیگا جو دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑنے کیساتھ ساتھ اتحاد میں شامل ممالک کے دفاعی اور اقتصادی مفادات کا تحفظ کریگا۔سربراہ کانفرنس میں عرب ملکوں، مسلمان ممالک اور امریکہ کے درمیان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قابل اعتماد شراکت کو یقینی بنانے، علاقائی امن و سلامتی، استحکام اور ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔عرب اور مسلمان قیادت نے ریاض کی میزبانی میں انسداد دہشت گردی مرکز کے قیام کا خیر مقدم کیا اور یقین دلایا کہ دہشت گردی کے فکری اورمالی سوتے خشک کرنے، رواداری اور بقائے باہمی کے فلسفے کو عام کرنے کیلئے سعودی عرب کیساتھ مل کر کام کریں گے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT