Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / ریسٹ آف انڈیا کو ایرانی کپ ، رانجی چمپینس ممبئی کیخلاف تاریخی فتح

ریسٹ آف انڈیا کو ایرانی کپ ، رانجی چمپینس ممبئی کیخلاف تاریخی فتح

Nagpur: Vidarbha batsman Faiz Fazal celebrates his century against Haryana during the Ranji Trophy match at VCA stadium in Nagpur on Tuesday. PTI Photo (PTI12_1_2015_000167B)

480 کے ٹارگٹ پر 482/6 کیساتھ نمن اوجھا زیرقیادت ریسٹ آف انڈیا ٹیم کی جیت ۔ رانجی چمپینس پہلی اننگز میں 603 رنز بنانے کے باوجود ہار گئے

ممبئی ، 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ریسٹ آف انڈیا کے بیٹسمنوں نے اجتماعی عمدگی کا زبردست مظاہرہ پیش کرتے ہوئے رانجی ٹروفی چمپینس ممبئی کے خلاف ہدف کے مثالی تعاقب کی شاندار منصوبہ بندی کی اور 480 کے ہمالیائی وکٹری ٹارگٹ کو آج یہاں عبور کرتے ہوئے ایرانی کپ 4 وکٹوں سے جیت لیا۔ ودربھ کے لیفٹ ہینڈ اوپنر فیض فضل (127 رنز، 280 گیندیں) کی سنچری نے فتح کی بنیاد فراہم کی اور بنگال کے سدیپ چٹرجی (54) نے بھی اننگز کو ابتدائی طور پر بکھرنے سے محفوظ رکھا جبکہ کرون نائر (92 رنز، 132 گیندیں) ، اسٹوارٹ بنی (54 رنز، 51 گیندیں)، شیلڈن جیکسن (59 ناٹ آؤٹ) نے اوسط سے کمتر معیار کے بولنگ اٹیک کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کو 129.4 اوورز میں 482/6 کے ساتھ کامیابی دلائی۔

پہلی اننگز میں ممبئی نے 603 اور ریسٹ ٹیم نے 306 رنز بنائے تھے لیکن رانجی چمپینس کی دوسری اننگز میں ناکامی (182 آل آؤٹ) نے مہمانوں کیلئے 480 کا بہت ہی کٹھن ٹارگٹ مقرر کیا۔ پانچ روزہ میچ کے آج آخری دن کی شروعات 100/1 پر کرتے ہوئے ریسٹ ٹیم نے 20 گیندیں باقی رکھ کر 26 ویں مرتبہ ٹائٹل جیت لیا جبکہ یہ ایرانی کپ کی تاریخ میں سب سے کامیاب تعاقب ہے۔ فضل نے اپنی صبرآزما 11 ویں فرسٹ کلاس سنچری کے ذریعے بنیاد فراہم کی اور دو سنچری پارٹنرشپس کا حصہ بنے۔ دوسری وکٹ کیلئے چٹرجی کے ساتھ 110 رنز اور تیسری وکٹ کیلئے نائر کے ساتھ 130 رنز جوڑے۔ نائر کو دونوں اننگز میں 90 سے زائد اسکور کرنے پر ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔ نمن اوجھا زیرقیادت ٹیم کو فائنل سیشن میں 35 اوورز سے 159 رنز درکار تھے۔ ممبئی کے اقبال عبداللہ نے 5 وکٹ لئے مگر 42.4 اوورز میں 154 رنز خرچ کئے۔ 41 مرتبہ کے رانجی چمپینس 16 ویں بار ایرانی ٹائٹل سے محروم رہے جو 1997-98ء کے بعد سے پہلا موقع ہے۔

TOPPOPULARRECENT