Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ریلوے پارکنگ فیس پر بھی ٹیکس سے مسافرین کی مشکلات میں اضافہ

ریلوے پارکنگ فیس پر بھی ٹیکس سے مسافرین کی مشکلات میں اضافہ

18 فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ کی وجہ سے پارکنگ فیس سفری ٹکٹ سے بڑھ رہی ہے
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پارکنگ میں گاڑی پارک کرنے والے ایک مسافر کو دو دن کے لیے 240 روپئے اور 18 فیصد جی ایس ٹی 43.05 ملا کر کُل 283.05 پارکنگ فیس ادا کرنا پڑا ۔ یہ حال صرف ایک مسافر کا ہی نہیں بلکہ سکندرآباد ، نامپلی ، کاچی گوڑہ اور دیگر ریلوے اسٹیشنوں میں گاڑی پارک کرنے والے دوسرے عوام کا بھی ہے ۔ سکندرآباد تا وجئے واڑہ سلیپر کلاس کا کرایہ 201 روپئے ہے تو ایک دن کی پارکنگ کے لیے 128 ادا کرنا پڑتا ہے اب تک کسی بھی طرح کے سروسیس چارجس یا یوزر چارجس کے بغیر صرف پارکنگ فیس وصول کرنے والی ساوتھ سنٹرل ریلوے جی ایس ٹی آنے کے بعد 18 فیصد جی ایس ٹی عائد کررہی ہے ۔ تمام سوپر فاسٹ ، ایکسپریس اور اے سی کلاس ٹکٹوں پر جو 4.05 سرویس چارجس وصول کیے جاتے تھے وہ برائے نام 5 فیصد کردئیے گئے ہیں جب کہ مسافرین کی سہولت کیلئے قائم پارکنگ سنٹرس میں 18 فیصد جی ایس ٹی عائد کیا جارہا ہے ۔ ریلوے اسٹیشنس میں پارکنگ مقامات کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اب تک A ، A1 درجہ کے ریلوے اسٹیشنس میں ایک طرح کی پارکنگ فیس ہے تو دیگر اسٹیشنس میں کچھ اور ہے تمام درجوں کے مسافرین کیلئے مشہور سکندرآباد ریلوے اسٹیشن میں پلیٹ فارم ایک کی جانب واقع پارکنگ سنٹر میں کار پارکنگ فیس دو گھنٹوں کیلئے 40 روپئے بعد ازاں ہر ایک گھنٹہ کیلئے 20 روپئے زائد ، بائیک پارکنگ دو گھنٹوں کیلئے 20 روپئے اور ہر ایک زائد گھنٹہ کے لیے 10 روپئے وصول کئے جارہے ہیں اور یہی حال پلیٹ فارم نمبر 10 کے پاس واقع پارکنگ سنٹر کا بھی ہے ۔ حالیہ دنوں میں جی ایس ٹی آنے کی وجہ سے 18 فیصد زائد بوجھ عائد کیا جارہا ہے اور ہر 10 روپئے پر 1.80 زائد رقم وصول کی جاتی ہے یعنی ایک بائیک پارکنگ چارجس 120 روپئے ہوں تو 22 روپئے جی ایس ٹی کے نام پر زائد رقم وصول کی جارہی ہے ۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے چاروں جانب واقع پارکنگ سنٹرس کو خانگی اداروں کو ذمہ داری دو سالہ کنٹراکٹ پر دی جاتی ہے جہاں روزانہ تقریبا 12 ہزار گاڑیاں پارک کی جاتی ہیں جس سے اس ادارے کو تقریبا 3 کروڑ کی زائد آمدنی ہوتی ہے ۔ مسافرین کی ایک اور پریشانی یہ کہ 20-30 منٹ زائد ہونے پر بھی مسافرین سے ایک گھنٹہ کی فیس ہی وصول کی جارہی ہے ۔ ایک ریلوے عہدیدار نے بتایا کہ پارکنگ سنٹرس میں ہونے والی بدعنوانیوں سے متعلق ٹول فری نمبر 81212-81212 پر شکایت درج کی جاسکتی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT