Sunday , September 24 2017
Home / ہندوستان / ریل بجٹ میں عام آدمی کیلئے سب کچھ موجود

ریل بجٹ میں عام آدمی کیلئے سب کچھ موجود

سریش پربھو کا دعویٰ، کفایت شعاری مہم شروع کرنے کا اعلان
نئی دہلی 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ریل بجٹ میں غریب عوام کو نظرانداز کرنے اپوزیشن کا الزام مسترد کرتے ہوئے وزیر ریلوے سریش پربھو نے کہاکہ عام آدمی کے لئے اس میں سب کچھ ہے۔ انھوں نے ریلویز کو ازسرنو مستحکم بنانے کے لئے سہ رخی حکمت عملی بشمول کفایت شعاری مہم کا اعلان کیا۔ لوک سبھا میں ریل بجٹ پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہاکہ بجٹ میں عام آدمی کے لئے سب کچھ ہے۔ یہ بجٹ عام آدمی پر ہی مرکوز رہا۔ عام آدمی کو فائدہ پہنچانے والے اقدامات میں ای ٹکٹنگ، خواہش پر کیٹرنگ، بائیو ٹائلٹس، شیر خوار بچوں کے لئے غذا، بہتر ریلوے اسٹیشنس وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ریلوے اسٹیشن پر اسٹالس کے قیام کے لئے کنٹراکٹس منظور کرنے کے معاملہ میں ایس سی، ایس ٹی اور کمزور طبقات کو ترجیح دی جائے گی۔ بعدازاں ایوان زیریں میں تصرف بل اور ریل بجٹ 2016-17 ء کے سلسلہ میں گرانٹس کا مطالبہ منظور کرلیا گیا۔ ریل بجٹ پر ایوان میں بحث میں ایک سو سے زائد ارکان نے حصہ لیا۔ پربھو نے کہاکہ ریلویز اس وقت چیالنجس کے دور سے گزر رہا ہے اور حقیقی بحران کئی سال سے جاری ہے۔ انھوں نے کہاکہ ریلویز کی مالی حالت کو مستحکم بنانے کے لئے سہ رخی حکمت عملی اختیار کی جارہی ہے اور اسے قوم کا قیمتی اثاثہ بنایا جائے گا۔ سہ رخی حکمت عملی میں خدمات کو مزید بہتر بنانا، آمدنی میں اضافہ اور مصارف میں کمی شامل ہیں۔ انھوں نے اس لائحہ عمل کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ انتظامی مصارف کم کرنے کے لئے کفایت شعاری مہم شروع کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT