Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / ریموٹ کنٹرول کی وجہ سے ملک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

ریموٹ کنٹرول کی وجہ سے ملک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

ریاست آسام کو کانگریس کی 15 سالہ ناقص حکمرانی کا نتیجہ بھگتنا پڑا، انتخابی جلسہ سے وزیراعظم نریندر مودی کا خطاب

راہا (آسام) ۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ملک کو ماضی میں ریموٹ کنٹرول کی وجہ سے آج بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ آسام کے عوام کو انہوں نے ریاست میں غیرمستحکم حکومت کے خلاف انتباہ دیا۔ راہا میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ بی جے پی زیرقیادت حکومت کو قطعی اکثریت فراہم کریں اور ان طاقتوں کو شکست دیں جو آسام میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے اور ترقی کے راستے پر چلنے سے روکنے کیلئے افواہیں پھیلا رہی ہیں۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ پر ان کے بیان کی بنیاد پر کہ ان کی حکومت باتوں سے زیادہ کام میں یقین رکھتی تھی۔ مودی نے کہاکہ انہوں نے جو کچھ کہا ہے وہ سچ تھا۔ ان کے دوراقتدار میں جو اسکامس ہوئے ان کے بارے میں انہوں نے اب بولنا شروع کردیا ہے۔ منموہن سنگھ پر واضح طور پر تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ملک کو عقبی نشست سے گاڑی چلانے کی بنا پر کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ کسی بھی شخص کے ہاتھوں میں ’’ریموٹ کنٹرول‘‘ نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ لالچی ہورہے ہیں۔

وہ معلق اسمبلی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اور دعویٰ کررہے ہیں کہ وہ کاروبار کررہے ہیں۔ کیا اس کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بار بار الزام عائد کیا کہ سابق منموہن سنگھ حکومت کو ریموٹ کنٹرول سے چلایا جارہا تھا اور دو مراکز اقتدار تھے۔ تمام اہم فیصلے صدر کانگریس سونیا گاندھی کیا کرتی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ کوئلہ اسکام میں دو افراد کو مجرم قرار دیا گیا ہے۔ وہ دیگر اسکامس جیسے 2G میں بھی یو پی اے دورحکومت میں ملوث تھے۔ انہیں بھی بخشا نہیں جائے گا۔ چیف منسٹر ترون گوگوئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانی، کرپشن اور اقرباء پروری سے بری طرح متاثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آسام کے بیٹوں اور بیٹیوں کے بارے میں تشویش لاحق ہے۔ گوگوئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صرف اپنے بیٹے کو ’’بچانے‘‘ کی کوشش میں مصروف ہیں۔ رائے دہی کیلئے صرف 3 دن باقی ہیں۔ عوام میں جھوٹی باتیں اور افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔ یہ اب آپ کے ہاتھ میں ہیکہ ان کو منہ توڑ جواب دیں۔ گھر گھر جائیں اور انہیں خبردار کریں کہ ان طاقتوں سے گمراہ نہ ہوں۔ اگر اتفاق سے آسام میں غیرمستحکم حکومت قائم ہوتی ہے تو یہ طاقتیں ملک کو اپنے فائدے کیلئے توڑنے کی کوشش کریں گی۔ سردھا اسکام مسئلہ آسام کی انتخابی مہم میں پہلی بار اٹھاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پردھان منتری جن دھن یوجنا کا اسی لئے آغاز کیا گیا ہیکہ مستقبل میں ایسے اسکام نہ ہوسکیں۔

TOPPOPULARRECENT