Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / ریونت ریڈی کی گرفتاری کی مذمت

ریونت ریڈی کی گرفتاری کی مذمت

تلنگانہ حکومت کو سخت انتباہ، ای دیاکر راؤ قائد تلگودیشم کا بیان

حیدرآباد۔/20اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم مقننہ پارٹی نے رکن اسمبلی تلگودیشم پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی کو عمداً گرفتار کرنے کی سخت مذمت کی اور ریونت ریڈی کی اس گرفتاری کو حکومت کی انتقامی کارروائی سے تعبیر کیا۔ علاوہ ازیں اس طرح کی کارروائی کے خلاف حکومت کو سخت انتباہ دیا۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ای دیاکر راؤ قائد تلنگانہ تلگودیشم مقننہ پارٹی نے یہ بات کہی اور ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس زیر قیادت حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو کوئی بھی حکومت کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے ہیں تو حکومت تلنگانہ ان قائدین یا افراد کے خلاف انتقامی کارروائی اختیار کررہی ہے جس کی وجہ سے خود حکومت تلنگانہ کا وقار متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت پالاکرتی کے مقام کا 21اگسٹ کو وزیر صنعت دورہ کرنے والے ہیں لیکن متعلقہ مقامی رکن اسمبلی کو اطلاع نہیں دی گئی ہے، اس طریقہ کار پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر دیاکر راؤ نے وزیر صنعت مسٹر جے کرشنا راؤ پر غنڈہ گردی کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وزیر موصوف اپنی من مانی کرتے ہوئے دستور ہند کی خلاف ورزی کررہے ہیں یوں تو قوانین کی روشنی میں کوئی بھی وزیر ہو کہ چیف منسٹر جب کبھی کوئی مقام کا دورہ کرتے ہیں تو اس وقت متعلقہ رکن اسمبلی کو مطلع کیا جاتا ہے لیکن مسٹر کرشنا راؤ اس طریقہ کار سے گریز کرتے ہوئے متعلقہ رکن اسمبلی کو اطلاع نہ دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دے رہے ہیں۔ مسٹر دیاکر راؤ نے وزیر صنعت مسٹر جے کرشنا راؤ سے ریاست کرناٹک کی سرحد پر ڈرامہ بازی کرنے کو روکتے ہوئے اگر ہمت ہو تو دہلی پہنچ کر غیرقانونی آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات کو رکوانے کیلئے اقدامات کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT