Saturday , September 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / ریو اولمپکس سے قبل 31 اتھلیٹس پر پابندی کا امکان

ریو اولمپکس سے قبل 31 اتھلیٹس پر پابندی کا امکان

لندن ، 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا کہنا ہے کہ رواں برس برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں مقررہ اولمپکس میں چھ مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والے 31 اتھلیٹس پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ یہ اعلان آئی او سی کی جانب سے 2008ء کے بیجنگ اولمپکس میں لئے گئے قارورہ کے 454 نمونوں کے دوبارہ تجزیوں کے بعد کیا گیا ہے۔ آئی او سی کا کہنا ہے کہ ان نمونوں کا دوبارہ تجزیہ جدید ترین سائنسی طریقوں سے کیا گیا ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لندن میں 2012ء کے اولمپک گیمز میں حاصل کردہ 250 نمونوں کے دوبارہ تجزیے کی رپورٹ کا بھی انتظار کیا جا رہا ہے۔ صدر آئی او سی تھامس باخ نے کہا: ’’یہ اقدام ان اتھلیٹس کے خلاف ہے جو جیتنے کیلئے بے ایمانی کرتے ہیں۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ڈوپنگ کرنے والے اتھلیٹس بچ نہیں سکتے۔ ہم یہ نمونے دس سال تک رکھتے ہیں تاکہ خاطی اتھلیٹس چین کی سانس نہ لے سکیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ریو گیمز میں حصہ لینے سے اتنی زیادہ تعداد میں اتھلیٹس کو روکنے کا مقصد اس عزم کو دہرانا ہے کہ ہم اولمپک گیمز کے وقار کو بحال رکھنا چاہتے ہیں۔ آئی او سی کا کہنا ہے کہ ان اتھلیٹس کے نمونوں کا دوبارہ تجزیہ کیا جا رہا ہے جو ریو گیمز میں حصہ لے سکتے ہیں۔ بیان کے مطابق اس فیصلے سے متاثر ہونے والی 12 اولمپک اسوسی ایشنز کو آئندہ چند روز میں مطلع کر دیا جائے گا۔ تاہم آئی او سی کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک ان اتھلیٹس کے نام ظاہر نہیں کرے گی جب تک کہ بی سیمپل کا تجزیہ نہیں ہو جاتا اور اتھلیٹس کو انفرادی طور پر مطلع نہیں کر دیا جاتا۔ آئی او سی نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ سوچی میں منعقدہ 2014ء کے موسم سرما کے کھیلوں میں حاصل شدہ نمونوں کا بھی دوبارہ تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے الزام عائد کیا گیا تھا کہ سوچی گیمز میں روسی خفیہ سرویس نے ڈوپ ٹسٹ میں اتھلیٹس کی مدد کی تھی۔ تاہم روس نے اس الزام کی تردید کردی ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT