Monday , September 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / ریو پیرالمپکس ‘ ایرانی سائیکلسٹ مقابلہ کے دوران گر کر فوت

ریو پیرالمپکس ‘ ایرانی سائیکلسٹ مقابلہ کے دوران گر کر فوت

گیارہ روز سے جاری مقابلوں کا جوش سانحہ میں تبدیل ۔ انٹرنیشنل پیرالمپکس کمیٹی اور برازیل عہدیداروں کا اظہار رنج

ریو ڈی جنیریو 18 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) ایک ایرانی پیرالمپک سائیکلسٹ ان گیمس کے اختتام سے ایک دن قبل کل شام ایک روڈ دوڑ کے دوران پیش آئے حادثہ میں فوت ہوگیا ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ بہمن گلبر نژاد 48 سال مقابلہ کے دوران گرپڑے اور انہیں علاج کیلئے دواخانہ منتقل کرنے کی کوششوں کے دوران جانبر نہ ہوسکے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ انٹرنیشنل پیرالمپک کمیٹی کے ترجمان کریگ اسپینس نے بتایا کہ افسوس کی بات ہے کہ وہ چل بسے ۔ گلبرنژاد کا حادثہ کل شام زائد از دو گھنٹوں کی C4-5 روڈ ریس کے دوران ہوا ۔ یہ ریس مختلف معذوریوں کا شکار اتھیلیٹس کیلئے منعقد ہوئی تھی ۔ وہ پہاڑی علاقہ میں ہو رہی دوڑ کے پہلے سیکشن میں تھے کہ اچانک گرپڑے ۔ انٹرنیشنل پیرالمپک کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ یہ اتھیلیٹ گرپڑے تھے اور انہیں وہیں طبی امداد دی گئی تھی ۔ انہیں دواخانہ لیجانے کی کوشش کی جا رہی تھی کہ ان کے قلب کی حرکت رک گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ایمبولنس کو فوری برا میں واقع دواخانہ کی سمت موڑ دیا گیا تھا جہاں آمد پر ان کا انتقال ہوگیا ۔ پیرالمپک عہدیداروں نے کہا کہ گلبر نژاد کا خاندان ایران میں ہے اور اسے مطلع کردیا گیا ہے ۔ ایرانی ٹیم کو بھی اس خبر سے مطلع کردیا گیا ہے ۔

اس تعلق سے اتھیلیٹ ولیج میں ایک اجلاس ہوا تھا ۔ اپنے بائیں پیر پر پراستھیسیس پہننے والے اتھیلیٹ نے 2002 میں ان مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا تھا اور انہوں نے 2012 میں لندن پیرالمپکس میں بھی مقابلہ کیا تھا ۔ انٹرنیشنل پیرالمپک کمیٹی کے صدر فلپ کراوین نے کہا کہ یہ حقیقت میں دل دہلادینے والی خبر ہے ۔ پیرالمپک خاندان اس مشکل اور سانحہ والے غم کے ماحول میںمتحد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک تمام مقابلے اور ٹورنمنٹس بہترین ماحول میں منعقد ہوئے تھے لیکن اس سانحہ نے سب کو غمزدہ کردیا ہے ۔ ریو اولمپکس اور پیرالمپکس کیلئے برازیل کے عہدیدار کارلوس نوزمن نے اس کو انتہائی افسوسناک خبر قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی دلی دعائیں اور نیک تمنائیں بہمن خاندان کے ساتھ ہیں۔ ان کے ساتھی ارکان اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔ اس واقعہ کے بعد پیرالمپک ولیج میں ایرانی پرچم کو نصف بلندی پر لہرایا گیا اور آج شام ہونے والی اختتامی تقریب میں ایک منٹ کی خاموشی بھی منائی جائیگی ۔

آج شام ایران اور بوسنیا ہرزیگوینا کے مابین گولڈ میڈل کیلئے سٹنگ والی بال میچ ہونے والا ہے ۔ ایرانی پیرالمپک عہدیداروں نے فوری طور پر تبصرہ سے گریز کیا ہوا ہے ۔ برطانوی پیرالمپک ٹیم نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ بہمن گلبرنژاد کی رحلت سے ہم دہل کر رہ گئے ہیں۔ ہماری نیک خواہشات ان کے دوستوں اور افراد خاندان کے ساتھ ہیں۔ آج شام ہونے والی اختتام تقریب پر بھی اس سانحہ کے اثرات دکھائی دینے لگے ہیں۔ گیارہ دن سے چل رہے پیرالمپک مقابلوں میں میڈلس کے حصول میں چین کو اول مقام حاصل ہوا ہے جبکہ برطانیہ ‘ یوکرین اور امریکہ اس کے پیچھے رہے ۔ آج ان مقابلوں کا اختتام ہونے والا ہے ۔ مراکانا فٹبال اسٹیڈیم میں ہونے والی اختتامی تقریب میں برازیل کے عہدیدار سرکرای طور پر 2020 اولمپک و پیرالمپک گیمس کی ذمہ داری جاپانی عہدیداروں کو سونپ دینگے ۔ ریو میں اس ٹورنمنٹ اور مقابلوں کے کامیاب اختتام پر جو خوشی اور مسرت کا ماحول تھا وہ ایرانی سائیکلسٹ کی موت سے غمزدہ اور افسردہ ہوگیا ہے ۔ مختلف ممالک کے اتھیلیٹس نے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔

آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان اے کو سیریز میں 1 – 0 سے شکست
برسبین 18 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اے اور آسٹریلیا اے کے مابین دوسرے چار روزہ میچ کے چوتھے اور آخری دن کا کھیل بارش کی نذر ہوگیا اور ہندوستان اے کو دو میچس کی سیریز میں 1 – 0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

TOPPOPULARRECENT