Thursday , September 21 2017
Home / Top Stories / ریپبلکن رہنماؤں کی ڈونالڈ ٹرمپ پر کڑی تنقید

ریپبلکن رہنماؤں کی ڈونالڈ ٹرمپ پر کڑی تنقید

فاکس نیوز پر ری پبلکن پارٹی کا مباحثہ۔ اگر ٹرمپ نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو سیاست چھوڑدوں گا: پیٹر کنگ

واشنگٹن۔/3مارچ( سیاست ڈاٹ کام)امریکہ میں ریپبلکن پارٹی کے سینئیر رہنماؤں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی حاصل کرنے کی کوششوں کی مخالفت کر دی ہے۔خیال رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کو ریپبلکن جماعت کا صدارتی امیدوار بننے کے لیے گیارہ میں سے سات ریاستوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ڈونالڈ ٹرمپ خود کو ’ریپبلکن پارٹی کو متحد کرنے والی شخصیت‘ قرار دے چکے ہیں تاہم رپبلکن اسٹیبلشمنٹ ان کے اس بیان کی بھر پور مخالفت کر رہی ہے۔ریپبلکن پارٹی کے سینیٹر لنڈسے گراہم نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ رواں برس نومبر میں ہونے والا صدارتی انتخاب ہار جائیں گے۔ریپبلکن پارٹی کے رہنما مٹ رومنی کے بارے میں امید کی جا رہی ہے کہ وہ جمعرات کو ایک تقریر میں ڈونالڈ ٹرمپ کو چیلنج کریں گے۔ڈونالڈ ٹرمپ نے سپر ٹیوز ڈے کے انتخاب میں فتح حاصل کر کے اپنی جماعت کی جانب سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی حاصل کرنے کی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔

ٹرمپ کے مخالف ریپبلکن امیدوار ٹیڈ کروز نے سپر ٹیوز ڈے کے انتخاب میں چار ریاستوں میں جبکہ مارکو ربیو صرف منیسوٹا میں کامیابی حاصل کر سکے۔ریپبلکن پارٹی کے ٹرمپ، کروز، روبیو اور جان جمعرات کو فاکس نیوز پر ریپبلکن پارٹی کی بحث میں حصہ لیں گے۔ریپبلکن پارٹی کے متعدد رہنماؤں جس میں پال رائن اور لنڈسے گراہم بھی شامل نے ڈونالڈ ٹرمپ کی حالیہ دنوں کے دوران متنازعہ پالییسوں کی مخالفت کی ہے۔پال رائن نے منگل کو ٹرمپ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ’ عوام تعصب رکھنے والے کسی بھی گروہ کو مسترد کر دیں۔‘لنڈسے گراہم نے متنبہ کرتے ہوئے کہا ’اگر ٹرمپ پارٹی کے صدارتی امیدوار بن گئے تو ریپبلکنز ہلاری کلنٹن سے ہار جائیں گے۔‘امریکی کانگریس کے ایک بااثر رہنما پیٹر کنگ نے مذاقاً کہا کہ اگر ٹرمپ پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔امریکی اخبار نیو یارک ٹائز کے مطابق کچھ پارٹی ڈونرز پہلے سے ہی ٹرمپ مخالف مہم کے لیے فنڈز اکٹھے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT