Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / ر204رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کامیاب، 9مارچ کو فیصلہ کن مقابلہ

ر204رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کامیاب، 9مارچ کو فیصلہ کن مقابلہ

جوہانسبرگ۔7 مارچ (سیات ڈاٹ کام ) آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر اور گلین میکسویل کی شاندار اور ریکارڈ پارٹنر شپ کی بدولت دوسرے  ٹوئنٹی20 میچ میں جنوبی افریقہ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ کا ٹاس آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے جیت کر میزبان جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، اوپنر کوئنٹن ڈی کاک اور کپتان فیف ڈوپلیسی نے 15 کے اسکور پر اے بی ڈی ولیئرز کے آؤٹ ہونے کے بعد بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور اسکور کو 77 رنز تک پہنچا دیا۔ کوئنٹن ڈی کاک 77 کے اسکور پر 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا تاہم کپتان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کو جاری رکھا اور ٹیم کو 200 رنز کے ایک بڑے اسکور کی جانب رواں کردیا جبکہ گزشتہ میچ کے ہیرو ڈیوڈ ملر نے 33 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا اس کے علاوہ کوئی اوربیٹسمین  خاطرخوا کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔ جے پی ڈومینی 14، فرحان بہاردین اور کرس مورس 3،3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فیف ڈوپلیسی 79 اور ڈی کاک 44 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کی جانب سے کامیاب کھلاڑی رہے۔جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے  جیمز فلکنر نے 3 اور جان ہیسٹنگز نے  2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کو بڑے نشانہ کے تعاقب میں شروع میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور پہلا نقصان 2 رنز پر اٹھانا پڑا جب فنچ آؤٹ ہوئے جبکہ 28 کے اسکور پر کپتان اسمتھ 19 اور 32 کے مجموعے پر شین واٹسن 9 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ وارنر اور گلین میکسویل نے 32 کے اسکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلیا کو فتح کی جانب گامزن کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 161 رنز کا اضافہ کیا اور اسکور کو 193 رنز تک پہنچا دیا۔ میکسویل7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ایک رن کے اضافے کے بعد وارنر بھی آؤٹ ہوئے، انھوں نے 6 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 77 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ مچل مارش 2 اور جیمز فلکنر 7 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلیا نے 205 رنز کا نشانہ 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور کی آخری گیند میں حاصل کرلیا۔ پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی اور اب سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن مقابلہ  9 مارچ کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT