Friday , September 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / زخمی فنچ کے مقام پر ہینڈس کامب کی شمولیت

زخمی فنچ کے مقام پر ہینڈس کامب کی شمولیت

چینائی۔15 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے اپنے زخمی اوپنر آرون فنچ کے مقام پر مڈل آرڈر بیٹسمین پیٹر ہینڈس کامب کو اضافی کھلاڑی کے طور پر شامل کیا ہے۔ کرکٹ ڈاٹ کام ڈاٹ اے یو کے بموجب ہینڈس کامب اتوار کو ہندوستان کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے سے قبل آسٹریلیائی ٹیم میں شمولیت اختیار کرلیں گے کیوں کہ فنچ اگر بروقت اس مقابلہ کے لیے مکمل صحتیاب نہیں ہو پائے تو اضافی کھلاڑی موجود رہے۔ آرون فنچ گزشتہ روز نیٹ پراکٹس کے دوران عضلات میں جکڑن کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں اور پہلے مقابلہ میں ان کی شرکت پر ہنوز سوالیہ نشان لگاہوا ہے۔ یہ بھی خدشہ ہے کہ اس تکلیف کے باعث فنچ ہندوستان کے خلاف مکمل سیریز سے باہر ہوسکتے ہیں اور ایسا ہوا تو ہینڈس کامب ٹیم میں مستقل کھلاڑی کے طور پر شامل رہیں گے۔ فنچ کو منگل کو کھیلے گئے بورڈ پریسڈنٹ الیون کے خلاف واحد وارم مقابلہ میں بھی آرام دیا گیا تھا۔ آسٹریلیائی فیزیو ایلیکس کونٹورس نے اس ضمن میں کہا ہے کہ فنچ کا چینائی میں اسکیان کیا گیا ہے حالانکہ ہم جانتے ہیں کہ ان کا زخم سنگین نوعیت کا نہیں ہے اور وہ ہندوستان کے خلاف چند مقابلوں سے باہر ہوسکتے ہیں۔ لیکن قطعی طور پر ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ یاد رہے ٹور میچ میں فنچ کے مقام پر آل رائونڈر ہیلٹن کارٹ رائٹ کو اننگز کے آغاز کا موقع دیا گیا تھا تاہم وہ دوسری ہی گیم پر بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔ فنچ کی عدم موجودگی میں ڈیوڈ وارنر کے ہمراہ دوسرے اوپنر کا آسٹریلیائی ٹیم کو سیریز کے آغاز سے قبل ہی مسئلہ درپیش ہے۔

 

TOPPOPULARRECENT