Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / زرعی شعبہ کو آئندہ سال سے بلا وقفہ برقی سربراہی

زرعی شعبہ کو آئندہ سال سے بلا وقفہ برقی سربراہی

کسانوں کے حالات کو بہتر بنانے کے سی آر کے متعدد اقدامات ، وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد۔4مئی (سیاست نیوز) ریاست میں زرعی شعبہ کو آئندہ سال ماہ مئی سے 24گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہی کو ممکن بنایا جائے گا۔ ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے یہ بات بتائی۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ بتایا کہ ریاست کے کسانوں کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کسانوں کی ترقی کیلئے انہیں معیاری اور بلا وقفہ برقی سربراہی ناگزیر ہے۔ ریاستی وزیر آبپاشی نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کسانو ںکو زرعی مقاصد کی تکمیل کیلئے معیاری برقی سربراہ کرنے کے منصوبہ پر عمل آوری شروع کر چکی ہے اور اس مقصد کے لئے 11ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ برس ماہ مئی سے کسانوں کو بھی شہری علاقوں اور گھریلو صارفین کی طرح 24گھنٹے برقی سربراہی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ آئندہ سال کے آغاز تک ریاست تلنگانہ کو فاضل برقی پیداوار والی ریاست میں تبدیل کرنے کے منصوبہ پر عمل آوری شروع ہوچکی ہے اور جب ریاست میں جنوری 2018تک فاضل برقی پیداوار ممکن ہونے لگے گی اس کے فوری بعد کسانو ںکو 24گھنٹے برقی سربراہی ممکن بنائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 2014سے اب تک ریاست میں 650نئے سب اسٹیشن کی تعمیر عمل میں لائی گئی ہے اور نئے برقی تاروں کی تنصیب کے علاوہ نئے کنکشنس کی فراہمی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ہزاروں برقی ٹرانسفارمرس کی تنصیب عمل میں لائی جا چکی ہے تاکہ برقی سربراہی میں خلل نہ پیدا ہو۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے ساتھ پیداوار میں اضافہ کے سلسلہ میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ جاریہ موسم خریف میں ریاست میں دھان کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں جاریہ خریف میں 60لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار کی توقع کی جا رہی ہے اور حکومت کی جانب سے کسانوں سے راست دھان کی خریدی کیلئے ریاست بھر میں 3100خریدی کے مراکز قائم کئے جا رہے ہیں تاکہ کسان ان مراکز کے ذریعہ اپنی پیداوار حکومت کو فروخت کرتے ہوئے آمدنی حاصل کرسکیں۔ ریاستی وزیر آبپاشی نے دعوی کیا کہ ریاست تلنگانہ میں کسانوں کی ترقی ملک کی دیگر ریاستوں کے لئے مثالی ثابت ہوگی اور دیگر ریاستیں زرعی شعبہ میں تلنگانہ کو رول ماڈل بنائیں گی۔

TOPPOPULARRECENT