Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / زرعی قرضوں کی معافی اور مسلم تحفظات کے صرف وعدے

زرعی قرضوں کی معافی اور مسلم تحفظات کے صرف وعدے

ورنگل ضمنی انتخاب چیف منسٹر کے سی آر کیلئے نوشتۂ دیوار : جئے پال ریڈی
حیدرآباد 3 نومبر (این ایس ایس) سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی نے تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ پر ’جوے بازی‘ کی سیاست میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا اور کہاکہ ’میں نے اس قدر بے پناہ وعدے کرنے والا چیف منسٹر اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھا‘۔ جئے پال ریڈی نے کہاکہ کے سی آر نے اگرچہ کئی وعدے کئے ہیں لیکن تاحال ایک بھی وعدے کی تکمیل نہیں کی ہے۔ جئے پال ریڈی نے گاندھی بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حلقہ لوک سبھا ورنگل کے ضمنی انتخابات حکمراں ٹی آر ایس کیلئے نوشتہ دیوار ثابت ہوں گے۔ ٹی آر ایس حکومت اپنے ایک بھی انتخابی وعدے کی تکمیل میں بُری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ کسانوں کے ایک لاکھ روپئے تک کے قرض معاف کرنے کے علاوہ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات دینے کا وعدہ ہنوز پورا نہیں کیا گیا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کے سی آر عوام کو دھوکہ دینے کے عادی ہیں۔ جئے پال ریڈی نے کے سی آر سے سوال کیاکہ ورنگل ضمنی انتخابات کے ذمہ دار کون ہیں اور الزام عائد کیاکہ اُنھوں (کے سی آر) نے محض اپنی سیاسی برتری و بالادستی برقرار رکھنے کے لئے عوام پر ضمنی انتخاب مسلط کیا ہے۔ کے سی آر نے وعدہ کیا تھا کہ تلنگانہ کے قیام کے بعد پہلا چیف منسٹر دلت ہوگا لیکن خود اُنھوں نے ایک دلت ڈپٹی چیف منسٹر (راجیا) کو انتہائی ذلت آمیز انداز میں برطرف کردیا۔ جئے پال ریڈی نے الزام عائد کیاکہ کے سی آر ڈپٹی چیف منسٹروں کے ساتھ اپنے غلاموں جیسا سلوک کرتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT