Thursday , September 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / زرعی مارکٹ بودھن میں سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت

زرعی مارکٹ بودھن میں سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت

مارکٹ کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد، رکن اسمبلی شکیل عامر کا خطاب
بودھن۔/11ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نو منتخب چیرمین مارکٹ محترمہ ممتاز بیگم کی صدارت میں آج مارکٹ کمیٹی کے پہلے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس اجلاس میں شریک مہمان خصوصی جناب محمد شکیل عامر رکن اسمبلی بودھن نے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوتشکیل کمیٹی کی ذمہ داری ہے کہ حلقہ اسمبلی بودھن کے کسانوں کو حکومت کی طرف سے فراہم کردہ امداد اور دیگر مراعات بروقت پہنچائیں ۔ جناب شکیل نے انکشاف کیا کہ مارکٹ کمیٹی کے پاس فی الفور 1.5 کروڑ روپئے رقم موجود ہے۔ اس رقم سے کسانوں اور عوام الناس کو سہولت فراہم کرنے نظام آباد کمیٹی کی طرز پر ایک گنج اور رعیتو بازار قائم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی گنج کیلئے بودھن شہر کے مضافات میں ایڈپلی شاہراہ پر سرکاری پانچ ایکر اراضی پر گنج کیلئے جگہ فراہم کرنے ضلع کلکٹر اور بودھن سب کلکٹر کوتجاویز روانہ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بودھن شہر میں جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے دو ایکر اراضی کی تلاش ہے۔ جناب شکیل نے اتوار کو بودھن مارکٹ مکمل بند رکھنے اور  جمعرات کے روز ویکلی مارکٹس کا دن مقرر کرنے کی تجویز رکھی۔ واضح ہو کہ بودھن شہر میں اتوار کے روز ہفتہ واری بازار کا دن مقرر ہے جس کے باعث شہر کے تمام دکانات کاروباری ادارے اور بعض بینکس بھی کام کرتے ہیں اور ماضی میں شہر میں ہفتہ وار جانوروں کی خریدو فروخت اتوار کے روز ہوا کرتی تھی لیکن پچھلے چالیس سال سے یہ کاروبار بند ہوگیا۔ مقامی لوگ جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے شاہ پور، نوی پیٹ، پتنگل کا دورہ کرتے ہیں۔ آج ایم ایل اے بودھن کی مارکٹ کمیٹی آفس کو آمد پر چیرمین کمیٹی و ارکان نے ان کا خیرمقدم کیا اور گلپوشی کی ۔ اس موقع پر صدر نشین بلدیہ مسٹر ایلیا ، ٹی ار ایس ٹاؤن سکریٹری صدر عابد احمد صوفی اور محمد کریم الدین، نظیر علی ڈبو ، اشفاق علی وغیرہ موجود تھے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT