Wednesday , July 26 2017
Home / شہر کی خبریں / زرعی مارکٹ کمیٹیوں میں مسلمانوں کو تحفظات فراہمی کا تیقن

زرعی مارکٹ کمیٹیوں میں مسلمانوں کو تحفظات فراہمی کا تیقن

قانون ساز کونسل میں محمد فاروق حسین کی تجویز پر وزیر ٹی ہریش راؤ کا مثبت ردعمل
حیدرآباد۔22ڈسمبر (سیاست نیوز) حکومت زرعی مارکٹ کمیٹیوں میں مسلمانوں کو بھی تحفظات فراہم کرے گی۔ ریاستی وزیر آبپاشی و مارکٹنگ مسٹر ہریش راؤ نے قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالا ت کے دوران ہوئے مباحث میں جناب محمد فاروق حسین کی جانب سے پیش کردہ تجویز پر ردعمل ظاہر کرتے ہو ئے یہ بات کہی۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ ارکان قانون ساز کونسل مسٹر این لکشمن راؤ ‘ مسٹر ایس روملو نائک اور مسٹر ڈی راجیشور راؤ کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کے جواب دے رہے تھے ۔ ارکان قانون ساز کونسل نے حکومت سے جاننا چاہا کہ آیا حکومت زرعی مارکٹ کمیٹیوں میں ایس سی‘ ایس ٹی‘ بی سی اور خواتین کو تحفظات کی فراہمی عمل میں لا رہی ہے؟ جس پر مسٹر ہریش راؤ نے ایوان کو مطلع کیا کہ حکومت دکانات کی تخصیص اور مارکٹ کمیٹیوں میں تحفظات فراہم کر رہی ہے اور ان تحفظات کی فراہمی کے نتیجہ میں تاحال 60خواتین کو فائدہ حاصل ہوا ہے ۔اسی دوران رکن قانون ساز کونسل جناب محمد فاروق حسین نے مباحث کے دوران تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے پسماندہ طبقات کے ساتھ ترقی سے ثمرات سے محروم طبقات کو جس طرح زرعی مارکٹ کمیٹیوں و دکانات کی تخصیص میں تحفظات فراہم کئے جا رہے ہیں اسی طرح مسلمانوں کو بھی تحفظات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ مسلمانوں کو بھی ترقی کے مواقع فراہم ہو سکیں۔مسٹر ہریش راؤ نے فاروق حسین کی اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس تجویز پر غور کرتے ہوئے عمل آوری کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ مسلمانوں کو زرعی مارکٹ کمیٹیوں میں تحفظات کی فراہمی بہترین تجویز ہے اسی لئے اس بات سے انکار کی گنجائش ہی نہیں ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلہ میں عمل آوری کے سلسلہ میں جائزہ لینے کی ہدایت دی جائے گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT